Skip to content
صفا بیت المال انڈیا کے تحت TOSS-SSC امتحان میں 288 طلبہ و طالبات کی کامیابی

حیدرآباد،22جون(ایجنسیز)صفا بیت المال کے زیرِاہتمام ڈراپ آؤٹ کرنے والے افراد کی کاؤنسلنگ اور ذہن سازی کر کے انہیں امتحانات کے لئے تیار کیاگیا اور ان کے لئے کوچنگ کلاسس کا نظام بنایا گیا اور اس موقع سے فائدہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے ٹوس ایس ایس سی (TOSS-SSC) کے حالیہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ امسال اس شعبہ سے وابستہ 288 طلبہ و طالبات نے کامیابی کے ساتھ امتحانات مکمل کیے، جو صفا بیت المال کے جاری تعلیمی مشن کا ایک خوش آئند نتیجہ ہے۔

ان طلبہ میں سے اکثریت کا تعلق ایسے طبقات سے ہے جنہیں زندگی کی دوڑ میں تعلیمی سہولتیں میسر نہ آ سکیں۔ صفا بیت المال نے ان نوجوانوں کو نہ صرف تعلیم کے میدان میں داخل ہونے کا موقع فراہم کیا بلکہ بحمد اللہ باقاعدہ رہنمائی، تدریس، اور ترغیب کے ذریعے ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی راہ ہموار کی۔ TOSS-SSC کا تعلیمی نظام ان افراد کے لیے ایک مؤثر متبادل ثابت ہورہا ہے جو رسمی تعلیمی نظام سے اپنے گھریلو حالات کے سبب باہر رہ گئے ہوں۔
صفا بیت المال نے اس نظام کو ایک موقع کے طور پر اختیار کرتے ہوئے ان بچوں، بچیوں اور نوجوانوں کو تعلیم سے جوڑا جن کے لیے تعلیم محض ایک دور کا خواب بن چکی تھی۔یہ کامیابی صرف نمبروں یا اسناد کا حاصل کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ ان نوجوانوں کے لیے خود اعتمادی، شناخت اور بہتر مستقبل کی ایک امید ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جہاں علم کا چراغ اندھیروں میں جلتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔صفا بیت المال کی یہ کوشش تعلیم کے میدان میں ان عملی اقدامات کا حصہ ہے جو زمینی سطح پر تبدیلی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ 288 کامیاب طلبہ کی یہ فہرست ایک اعلان ہے کہ مواقع اگر فراہم کیے جائیں تو صلاحیتیں کبھی ضائع نہیں جاتیں۔
Like this:
Like Loading...