سعودی عربیہ،28جون(ایجنسیز) سعودی عرب نے فلسطینی شہریوں کے خلاف جاری اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کی شدید مذمت اور سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے خاص طور پر مشرقی رام اللہ کے گاؤں کفر مالک میں پیش آنے والے حالیہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
سعودی عرب نے غزہ میں نہتے شہریوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور بے گھر افراد کو پناہ دینے والے مقامات کو نشانہ بنانے جیسے اقدامات پر بھی اپنی شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لا کر فلسطینی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ سعودی عرب نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے بین الاقوامی اصولوں اور ضوابط کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
ریاض نے فلسطینی عوام کے تمام جائز حقوق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔