واشنگٹن نے ماکروں کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا منصوبہ مسترد کر دیا
واشنگٹن،۲۵؍جولائی
(پی ایس آئی)
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن، فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کو مسترد کرتا ہے۔روبیو نے آج جمعے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "یہ غیر ذمے دارانہ فیصلہ صرف حماس کی پروپیگنڈا مہم کو فائدہ دیتا ہے اور امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔”فرانسیسی صدر ماکروں نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ فرانس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ اقدام مشرقِ وسطی میں قیام امن میں مدد دے گا۔صدر ماکروں نے "ایکس” اور "انسٹاگرام” پر لکھا "مشرقِ وسطی میں منصفانہ اور پائے دار امن کے لیے اپنے تاریخی عزم کے تحت، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ فرانس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔
میں ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس کا با ضابطہ اعلان کروں گا۔”انہوں نے مزید کہا "فوری ترجیح اب غزہ میں جنگ کو روکنا اور عام شہریوں کے لیے انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔ امن ممکن ہے، لیکن اس کے لیے فوری فائر بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی، اور غزہ کے عوام کے لیے وسیع انسانی امداد ضروری ہے۔ ساتھ ہی، حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کا تحفظ و تعمیر نو بھی ناگزیر ہے۔”