زمین کی طرف بڑھ رہا ہے خطرناک گولا، ناسا نے دی معلومات
نئی دہلی ،۸؍جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
ایک بڑا خطرہ آسمان سے زمین کی طرف آرہا ہے۔ امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے بھی اس حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔معلومات کے مطابق یہ گولا 65,215 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زمین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جسے 2024 ایم ٹی -1 کا نام دیا گیا ہے۔ اس الکا کا قطر تقریباً 260 فٹ ہے۔ یہ 8 جولائی تک زمین کے قریب پہنچنے کی امید ہے۔ ناسا نے اس سیارچے کا سب سے پہلے نیئر ارتھ آبجیکٹ آبزرویشن پروگرام میں پتہ لگایا۔ زمین پر موجود دوربینوں اور بڑے آلات اور ریڈار کی مدد سے زمین کی طرف آنے والے شہابیوں کا پتہ لگایا جاتا ہے۔
ایسے میں 2024 ایم ٹی-1 کے سائز اور رفتار نے سائنسدانوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم ناسا نے کہا ہے کہ فوری طور پر اس کے زمین سے ٹکرانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ 2024 ایم ٹی-1 کے راستے کی نگرانی ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کر رہی ہے۔ 2024 ایم ٹی-1 زمین کی طرف بڑھ رہا ہے، حالانکہ یہ زمین سے ٹکرانے والا نہیں ہے۔ یہ زمین سے صرف 15 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے سے گزرے گا۔
یہ فاصلہ زمین اور چاند کے درمیان کے فاصلے سے چار گنا زیادہ ہے۔یسے سیارچے کی شکل بہت خطرناک ہوتی ہے۔ اگر 2024 ایم ٹی-1 جیسے الکا زمین سے ٹکراتے ہیں تو وہ آگ، سونامی، دھماکے اور دیگر کئی طرح کی تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم، ناسا کا پلینیٹری ڈیفنس کوآرڈینیشن آفس ایسے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے حکمت عملیوں پر مسلسل کام کر رہا ہے۔ پی ڈی سی او ایک ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے میں مصروف ہے جس کے ذریعے ایسے خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔