Skip to content
عراق ،11اگسٹ(ایجنسیز)عراق کی وزارتِ صحت کے مطابق کربلا میں حضرت حسین (رضی اللہ عنہ) کے چہلم کی تقریبات میں شرکت کے لیے جانے والے زائرین میں سے 621 افراد کلورین گیس کے اخراج سے سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے۔ یہ گیس پانی صاف کرنے کے ایک پلانٹ سے خارج ہوئی تھی۔
وزارت نے اتوار کے روز بتایا کہ تمام متاثرین کو ضروری علاج فراہم کر کے اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا اور ان کی صحت اب بہتر ہے۔
اس سے قبل عراقی سیکیورٹی فورسز نے بتایا تھا کہ یہ محدود پیمانے کا واقعہ تھا، جو کربلا اور نجف کے درمیان واقع پانی کے ایک پلانٹ سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا۔
یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اس شاہراہ پر پیش آیا جو نجف کو کربلا سے جوڑتی ہے۔ یہاں حضرت حسین اور ان کے بھائی حضرت عباس کے مزارات ہیں۔
کربلا دار الحکومت بغداد سے تقریباً 110 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ یہاں رواں ہفتے لاکھوں شیعہ زائرین کی میزبانی انجام دی جا رہی ہے۔ ان میں بڑی تعداد ایران سمیت مختلف ممالک سے آنے والوں کی ہے۔
عراق میں اس نوعیت کے حادثات عام ہیں، جن کی وجہ خستہ حال بنیادی ڈھانچہ اور حفاظتی اصولوں پر عمل نہ ہونا ہے۔ خاص طور پر ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں بڑی عدم توجہی ہے۔ اسی وجہ سے مختلف حادثات پیش آتے ہیں، جن میں آگ لگنے اور عمارتیں گرنے کے واقعات شامل ہیں۔
جولائی کے وسط میں بھی واسط صوبے کے دار الحکومت کوت میں ایک شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان میں سے کچھ بیت الخلا میں دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔
Like this:
Like Loading...