Skip to content
عام آدمی پارٹی لیڈر آتشی نے بی جے پی پر لگائے سنگین الزامات
نئی دہلی ،۸؍جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
دہلی اسمبلی انتخابات میں اب صرف چند ماہ رہ گئے ہیں اور اس کی وجہ سے حکمراں عام آدمی پارٹی سے لے کر کانگریس اور بی جے پی تک سبھی انتخابی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ادھر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما اور دہلی حکومت کے وزیر آتشی نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ آتشی نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی دہلی میں ایک بھی سیٹ جیتتی ہے تو یہ بڑی بات ہوگی۔دراصل، دہلی کے وزیر اور آپ لیڈر آتشی نے کہا ہے کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 45 سیٹوں کو عبور کرنے کا نعرہ دیا تھا ؛لیکن اسے صرف 8 ہی ملی ہیں۔
بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ پارٹی نے سازشوں کے ذریعے دہلی کے لوگوں کو بہت پریشان کیا ہے۔بی جے پی نے دہلی کے لوگوں کو پریشان کیا۔اروند کیجریوال حکومت کے وزیر آتشی نے کہا کہ بی جے پی نے ہریانہ حکومت کے ذریعے دہلی کے لوگوں کو پانی کی فراہمی کو لے کر پریشان کیا اور دہلی کے سرکاری اسکولوں کو خراب کرنے کی سازش کی ہے۔ آتشی نے کہا کہ دہلی کے لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ آج میں آپ کو پورے اعتماد کے ساتھ بتا رہی ہوں کہ اگر بی جے پی 2025 کے اسمبلی انتخابات میں ایک سیٹ بھی جیتتی ہے تو یہ بہت بڑی بات ہوگی۔
بھلے ہی عام آدمی پارٹی کے لیڈر آتشی بی جے پی کو للکار رہے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس وقت ان کی اپنی پارٹی کی مشکلات بہت بڑھ گئی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پارٹی سربراہ اور سی ایم اروند کجریوال سے لے کر سابق ڈپٹی سی ایم منیش سیسودیا تک جیل میں ہیں۔ ایسے میں انتخابی موسم میں پارٹی کے اہم چہروں کا غائب ہونا عام آدمی پارٹی کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ دوسری جانب ان سب کے خلاف کرپشن کے مقدمات زیر التوا ہیں۔اگرچہ، آپ رہنماؤں کے خلاف ابھی تک کوئی جرم ثابت نہیں ہوا ہے، لیکن چونکہ وہ جیل میں ہیں، بی جے پی عوام میں اپنے بارے میں مثبت تاثر پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہوا تھا۔ اس کے باوجود لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے دہلی کی تمام سات سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ ایسے میں بی جے پی جارحانہ موڈ میں ہے۔قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کو لے کر بی جے پی کی دہلی یونٹ نے اپنے کارکنوں کو متحرک کر دیا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی اسمبلی انتخابات میں بھی اسی طرح کا مظاہرہ کرے گی جیسا کہ اس نے لوک سبھا انتخابات میں 7 سیٹیں جیت کر کیا ہے۔
Like this:
Like Loading...