Skip to content
ظریفانہ:لال قلعہ سے زعفرانی سلام
ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان
للن شریواستو نے کلن پٹیل سے کہا یار پردھان جی آج لال قلعہ پر وہ کچھ تھکے تھکے سے لگ رہے تھے۔
کلن بولا بھیا اس عمر میں بھی انہوں نے 103 منٹ بول کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا اور کیا چاہیے ؟
جی ہاں خطاب لمبا تو تھا مگر بے مزہ چیونگم کی طرح۔ اس لیے بھاشن میں آج مزہ نہیں آیا۔
کلن نے کہا بھیا وہ تو پردھان جی ہی ہیں جو اتنے دباو کے بعد بولنے کے لیے آگئے ۔ ہم جیسا کوئی ہوتا تو اسپتال میں جاکر بھرتی ہوجاتا۔
اسپتال جانے کی کیا ضرورتَ؟ ڈاکٹر سمیت اسپتال کی سہولتیں چل کر ان کے گھر آسکتی ہیں لیکن دباو کا مطلب نہیں سمجھا ۔ کس کی مجال ہے جو۰۰۰۰
بھیا ایک ہو تو بتاوں ۔ عالمی سطح پر ٹرمپ ، ملک میں راہل ،پارٹی میں یوگی ، پریوار کے اندربھاگوت ،عدالت سے سیاست تک ہر جگہ مسائل ہی مسائل۔
ٹرمپ اور راہل کا تو پتہ ہے لیکن یہ یوگی اور بھاگوت والی بات سمجھ میں نہیں آئی ۔
ارے تم نے بھاگوت کا وہ بیان نہیں پڑھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات سے غریب محروم ہورہے ہیں۔ یہ کوئی کہنے والی بات ہے؟
للن نے سوال کیاارے بھیا لیکن اس سے پردھان جی کا کیا لینا دینا؟ کیا وہ وزیر تعلیم یا وزیر صحت ہیں؟
اچھا اگر وہ نہیں تو کون ہے ؟ تم کو اگر اس کا نام معلوم ہو تو مجھے بتا دو۔
یار تمہاری بات تو درست ہے آج کل تو سب کچھ اپنے پردھان جی ہی ہیں۔ ان کے سوا تو کوئی کچھ بھی نہیں ہے پھر بھی صحت و تعلیم کا ان سے کیا تعلق ؟
کیوں نہیں! جب نیتن گڈکری کہتے ہیں کہ غریب اور امیر کی کھائی بڑھ رہی ہے تب بھی نرملا سیتا رمن سے نہیں پردھان جی سے ہی تعلق بنتاہے۔
بھیا میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آکر یہ سب ناگپوری سنترے ہمارے احمدآبادی ڈھوکلا کے پیچھے کیوں پڑ گئے ؟
ان سب کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں ۔ بھاگوت نے 75؍سال میں سبکدوش ہونے کا مشورہ بھی دے دیا ہے کہیں اس نے خود چھوڑد یا تب تو۰۰۰
جی ہاں تو تب تو لوگ خوب کارٹون بنائیں گے ۔’میں تو سادھو ہوں ، کوئی آگے نہ پیچھے، جھولا اٹھاکر چل دوں گا ‘کس کس کا منہ بند کریں گے؟
اچھا اب سمجھا کہ پردھان جی نے پہلی بار لال قلعہ سے آر ایس ایس کی تعریف کیوں کی ؟ لگتا ہے مکھن لگا رہے تھے ۔
نہیں بھائی وہ جو سو سال ہوئے ہیں نا اس لیے کہہ دیا ۔ پردھان جی کو لوگ مکھن لگاتے ہیں۔ انہیں کسی کو مکھن لگانے کی کیا ضرورت ؟
کلن بولابھائی وقت بدل رہا ہے۔ آج کل ان کی مقبولیت ڈھلان پر ہے ۔ اس لیے اقتدار میں بنے رہنے کے لیے یہ سب کرنا پڑتا ہے۔
یہ تم سے کس نے کہہ دیا ؟
ارے بھیا ایوان میں پردھان جی کے خطاب کو صرف 20فیصد لوگوں نے پسند کیا جبکہ 80 فیصد کی پسند راہل گاندھی کی تقریر تھی ۔ اب اور کیا چاہیے؟
یار مجھے تو یہ کانگریسی پروپگنڈا لگتا ہے۔
اچھا یہ بتاو کہ کیا تم نے پردھان جی کی پوری تقریر سنی؟
یار اس دن میں ذرا مصروف تھا اور وہ بہت لمبی بھی تھی اس لیے تھوڑی دیرہی سن سکا۔
کلن نے پوچھا اور راہل کی؟
اس کو تو میں نے شام کے وقت دوبار سنا ۔ وہ کیا ہے کہ اس میں سے کیڑے نکالنے تھے نا؟
وجہ جو بھی ہو ۔ دوبار سنانا۰۰۰ بات ختم ۔
اچھا میں ایک اور بات بتاوں۔ اپنی شکست کا اعتراف تو خود پردھان جی نے بھی کرلیا۔
للن نے سوال کیاوہ کیسے؟
دیکھو ایوان زیر یں میں تقریر کرنے کے بعد وہ ایوان بالا میں نہیں گئے حالانکہ حزب اختلاف اصرار کررہا تھا۔
ارے ہاں وہاں تو امیت شاہ نے جواب دیا۔ مجھے تو بار بار پردھان جی کا ایک اکیلا سب پر بھاری والا مکالمہ یاد آرہا تھا۔
بھیا سچائی یہی ہے کہ آپریشن سیندور پر جہاں ہمارے ارکان تو پھیکے پڑ گئے تو مخالفین چھا گئے۔ نہ توکوئی پرینکا جواب دے سکا اور نہ سنجے سنگھ کا؟
لگتا ہے تم نے کلیان بنرجی اور گورو گوگوئی کی تقریر نہیں سنی ویسے پروفیسر جھا تو ہمیشہ ہی چھا جاتے ہیں۔ اس بار اویسی نے بھی میدان مارلیا ۔
یار لیکن آج کل راہل اور اکھلیش وغیرہ کچھ زیادہ ہی ہنگامہ کررہے ہیں۔ بہار کے ایس آئی آر پر تو انہوں نے آسمان سر پر اٹھارکھا ہے ۔
بھائی اس کا اثر تو یہ ہوا کہ عدالتِ عظمیٰ بھی ان کی جانب جھک گیا اور اپنے پنجرے کے طوطے الیکشن کمیشن کی گردن مروڈ دی ۔
ہاں یار ایس آئی آر پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو دیکھ کر ڈر لگنے لگا ہے کہ نہ جانے حتمی فیصلہ کیا ہوگا؟
وہی ہوگا جو منظورِ خدا ہوگا لیکن یہ جو اپنا یوگی ہے نا وہ بھی کم خطرناک نہیں ہے۔
ارے اس کی کیا مجال ۔ بڑے تن تنے سے وزیر اعظم بننے چلا تھا ۔ شاہ جی نے اس کی فلم ڈبے میں ڈلوادی ۔ عدالت کا حکم بھی اسے ریلیز نہیں کروا سکا۔
اسی لیے تو وہ آگ بگولا ہے۔ تم نے نہیں دیکھا کانسٹی ٹیوشن کلب کے الیکشن میں اس نے کیسے انتقام لیا ؟
وہ تو راہل گاندھی نے راجیو پرتاپ روڈی کو کامیاب کرا دیا۔ اس میں یوگی کا کیا؟ میری سمجھ میں نہیں آیا کہ بالیان کو روڈی کے خلاف کیوں لڑایا گیا؟
بھیا روڈی پائلٹ ہے اور اس کا احمد آبادپلین حادثے پر بیان حکومت کے خلاف تھا۔ اس لیے اسے سبق سکھانا ضروری ہوگیا تھا ۔
تو کیا سبق سکھایا گیا؟ وہ تو ٹھاٹ سے جیت گیا اور شاہ جی کی ناک کٹ گئی۔ یہ تو پردھان بننے سے پہلے ہی رسوائی بٹورنے لگے ہیں اب آگے کیا ہوگا؟
وہی ہوگا جو منظورِ خدا ہوگا مگر روڈی کو ہرانااکیلے راہل کے بس کی بات نہیں تھی ۔ اس میں اپنوں کی غداری کا عمل دخل ہے ۔
اپنوں کی غداری والی بات سمجھ میں نہیں آئی ۔ فی الحال کس کی مجال ہے کہ موشانی کے خلاف بغاوت کرے؟
میں کہہ تو چکا ہوں ۔ اس میں یوگی کی چال ہے۔ اسے دہلی بلا کر پردھان سے لے کر نڈا تک سب کے سامنے شاہ نے پریڈ کروائی۔ اس نے بدلہ لے لیا۔
یار اگر ایسا ہے تب تو واقعی خطرہ ہے کیونکہ نائب صدر کا انتخاب ہونے والا ہے۔ اس میں اگر روڈی اور بالیان والی کہانی دوہرا دی جائے تو کیا ہوگا؟
وہی ہوگا جو منظورِ خدا ہوگالیکن اگر حزب اختلاف کا نائب صدر بن جائے تو بہت مشکل ہوجائے گی ۔وہ تو دھنکڑ کی طرح استعفیٰ بھی نہیں دے گا۔
ارے بھیا استعفیٰ لے کر جس طرح امیت شاہ نے دھنکر کو غائب کردیا اس سے بھی تو بڑی تھو تھو ہورہی ہے۔ لوگ ہنس رہے ہیں مذاق اڑا رہے ہیں۔
جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ اتنے مشہور آدمی کو یرغمال بناکر نظر بند کردیا توکیا بدنامی بھی نہیں ہوگی؟ آج کل ہم لوگ خود اپنی رسوائی کا سامان کررہے ہیں۔
اچھا خیر یہ بتاو کہ اپنے پردھان جی نے لال قلعہ سے پاکستان کو کیسا کرارہ جواب دیا؟
کیا خاک کرارہ جواب دیا ؟ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردو اور ان کو پالنے پوسنے والوں میں کوئی فرق نہیں کرتے ۔
صحیح تو ہے ہم پاکستان کے ساتھ بھی دہشت گردوں جیسا سلوک کریں گے۔
اچھا اگر یہی منطق ہے تو پاکستان کو پالنے پوسنے والے چین کو کیوں چاٹ رہے ہیں؟
چین کو کون چاٹ رہا ہے؟
اپنے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر تو کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ چین سے ہمارے تعلقات اچھے ہورہے ہیں ۔
جی ہاں اور چین برہما پترا ندی پر بند باندھ رہا ہے ۔
اچھا اب سمجھا کہ پردھان جی چین کیوں جارہے ہیں ؟ اس کو سمجھانے کے لیے جارہے ہوں گے ۔
اس کو سمجھانے کے لیے پاکستانی طریقہ کیوں استعمال نہیں کرتے ؟
میں نہیں سمجھا، تم کس پاکستانی طریقے کی بات کررہے ہو؟
ارے وہی کہ جب ہم نے سندھ ندی پر بند باندھنے کی بات کہی تو پاکستانیوں نے کہا ہم اسے میزائل سے اڑا دیں گے ۔
تو کیا ہم بھی کہہ دیں کہ چینی پُل کو بم سے اڑا دیں گے؟ یار سمجھتے کیوں نہیں وہ ہم سےزیادہ طاقتور ہے ۔
ہم بھی تو پاکستان سے طاقتور ہیں۔ وہ تو ہم سے نہیں ڈرتا تو ہم چین سے کیوں ڈرتے ہیں؟
بھیا پاکستان کے ساتھ تو چین اور امریکہ ہے ۔ ہمارے ساتھ کون ہے؟ سمجھتے کیوں نہیں؟؟
بھائی یہی تو میرا سوال ہے کہ ہمارے ساتھ کوئی بھی کیوں نہیں ہے؟ ہماری خارجہ پالیسی ایسی کیوں ہے کہ بنگلہ دیش اور نیپال بھی ہمیں آنکھ دکھاتے ہیں
یا ر یوم آزادی ایک خوشی کا موقع ہے اس دن بھی رونا دھونا ٹھیک نہیں اس لیے مٹھائی کھلاو۔ پردھان جی نے نہرو اور اندرا کے سوا سب کا ریکارڈ تو ڑ دیا ۔
وہ ان کا ریکارڈ توڑ بھی نہیں سکیں گے کیونکہ ابھی سے تھک گئے ہیں۔ پانچ سال بعد تو انہیں وہیل چیئر پر بیٹھ کر لال قلعہ جانا پڑے گا ۔
یار تمہارے منہ سے کچھ اچھا نکلتا ہی نہیں ہے۰۰۰ میں چلتا ہوں ۔ یوم آزادی مبارک میں تو چلا ۔
Post Views: 3
Like this:
Like Loading...
السلام علیکم رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ ۔۔
بہت خوب۔۔
*ناگپور کے سنترے نے احمدآباد کے ڈھوکلہ کو*
بہترین مثال پیش کی ہے ۔۔