Skip to content
ظریفانہ: کیسا صلہ دیا تونے میرے پیار کا
ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان
للن سورتی نے کلن بنارسی سے کہا دیکھا تم نے اپنے پردھان جی کا دبدبہ ؟
کلن بیچ ہی میں بول پڑا دبدبہ اور مودی ؟ یہ تم اگلے وقتوں کی بات کررہے ہوویسے تو وہ اس وقت بھی نہیں تھا مگر لوگ جھانسے میں آجاتے تھے ۔
کیا بکواس کرتے ہو۔ تم نے دیکھا ٹرمپ نےبھی مجبور ہوکر پردھان جی کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد دے ہی دی۔
اچھا اگر ٹرمپ نے اپنے سوشیل میڈیا ہینڈل پر یہ لکھ دیا تب تو واقعی بہت بڑی بات ہے۔
جی نہیں جناب پیغام لکھنا تو بہت معمولی کام ہے۔ انہوں نے جون 2025 کے بعد پہلی بار براہِ راست رابطہ کرکے فون پر اپنی عقیدت کا اظہار کیا ۔
کلن نے پوچھااچھا لیکن فون پر ایساکیا کہہ دیا کہ تم بلیوں کود رہے ہو ؟
دیکھو بھائی ٹرمپ ایک تاجر آدمی ہے اس لیے فون پر قیادت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موصوف تجارتی تعلقات کو نئی سطح تک لے جائیں گے۔
اچھا تو ہمارے پردھان جی نے کیا کیا ؟
وہ کیا کرتے ؟خوش ہوکر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھارت پرعزم ہے۔
مزید مضبوط کیا مطلب؟ تعلقات اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ اس میں معمولی سدھار ہوجائے تو وہ ہی بہت ہے؟
ارے بھیا پردھان جی تو اب بھی امریکہ کو بھارت کا قریبی دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر سمجھتے ہیں ۔
للن نے حیرت سے پوچھا اگر قریبی دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ایسا ہوتا ہے تو جانی دشمن کیسا ہوتا ہے؟
ہاں یار وہ کبھی اپنے لوگوں کوبیڑیاں اور ہتھکڑیاں ڈال کر روانہ کرتا ہے اور کبھی سب سے زیادہ ٹیرف لگا دیتا ہےسمجھ نہیں آتا کہ یہ دوستی ہے یا دشمنی؟
بکواس نہ کرو پردھان جی نے تو یقین دلایا ہے کہ ’’ ہم مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے‘‘۔
یار مجھےتو صرف امریکی اہداف کا بول بالا نظر آتا ہے مشترکہ ہدف کہیں دکھائی نہیں دیتا۔
للن نے کہا فون پر بات چیت تو ایسی ہی ہے کہ جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا ؟
ارے بھائی پھر بھی ٹرمپ نے کم از کم فون تو کیا لیکن اپنے سر سنگھ چالک تو اس سے بھی زیادہ سنگدل نکلے ۔
اچھا وہ کیسے؟
ارے بھائی پردھان جی پندرہ اگست سے انہیں مکھن لگا رہے ہیں لیکن ان پر کوئی اثر دکھائی نہیں دیتا ۔
یار تم پہیلیاں نہ بجھواو کھل کر بولو کہنا کیا چاہتے ہو؟
ارے بھائی لال قلعہ سے آر ایس ایس کی کھل کر تعریف کی اس کے بعد بھاگوت کی سالگرہ پر لمبا چوڑا قصیدہ پڑھا پھر بھی دل نہیں پسیجا !
تو کیا تم چاہتے تھے کہ وہ بھی مضمون لکھتے؟ ارے بھائی ہم نے صفحات کے صفحات اشتہارات سے کالے کردئیے ہمیں ان کے مضمون کی کیا ضرورت؟
ارے بھیا مضمون نہ سہی تو بے دلی سے دوچار جملے ہی لکھ دیتے ۔ پردھان جی کے دل پر اس نمک حرامی سے کیا گزری ہوگی؟
یار انہیں تو اس نغمہ سے دل بہلا لنا چاہیے’ کیسا صلہ دیا تو نے میرے پیار کا۰۰۰یار نے ہی لوٹ لیا دل یار کا‘۔
ویسے ایک بات بتاوں اس بار پردھان جی 75؍ ویں سالگرہ جیسے جوش و خروش سے منائی گئی ویسا تو دنیا کے کسی سربراہِ مملکت کے ساتھ نہیں ہوا ہوگا۔
بھیا دیکھو یہ مجبوری تھی اگر یہ سب نہ کیا گیا ہوتا تو لوگ پوچھتے کہ وہ سبکدوش کیوں نہیں ہورہے ہیں؟
اچھا تو اس سوال کی جانب سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ سارا ناٹک کیا گیا؟
اور نہیں تو کیا؟ پانچ سال قبل وزیر اعظم 70؍ سال کے ہوگئے تھے۔ اس وقت لوگوں نے دل میں اپنے وزیر اعظم کی محبت کیوں نہیں امڈی؟
ہاں یار تمہاری بات میں دم ہے پردھان جی اب خاصے کمزور اور غیر مقبول ہوگئے ہیں اس لیے ضرورت اب بہت زیادہ ہے۔
ہاں بھیا مگر آنند وشوناتھن نے سارا مزہ کرکرا کردیا ۔ مجھے تو لگتا ہے کہ وہ ان سے کانگریسی ہے اور اس نے سازش کے تحت یہ کیا ہے؟
ارے بھیا کیا کیا یہ تو بتاو ؟ ویسے وہ شطرنج کا کھلاڑی ہے اس لیے کوئی بھی چال چل سکتا ہے۔
جی ہاں اس نے ایسی چال چلی کہ سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔
اچھا ایسا کیا کردیا اس بدمعاش کھلاڑی نے ؟
ارے بھائی اس نے جو پیغام لکھا اس میں سب سب سے اوپر لکھا تھا وشوناتھ آنند جی ۔ اب تم ہی بتا و انسان اپنا نام اوپر لکھتا ہے نیچے اور پھر جی ؟
اوہو ! اس سے تو پتہ چل گیا کہ یہ بنابنایا پیغام اس کوبھیجا گیا تھا اور نہ جانے کس کس کو بھیجا گیا ہو ۔ ممکن ہے سبھی پیغامات کا منبع ایک ہی ہو۔
جی ہاں وشو ناتھن آنند نے اسے ہٹا کر درست پیغام تو ڈالا مگر تب تک تو اس چال سے شئے اور مات کا کھیل ہوچکا تھا ۔ا ب تیر بھی کہیں کمان میں لوٹتا ہے؟
یار اس سے بڑی غلطی تو دھار کی تربیتی ویڈیو ظاہر کرنے والے غدار نے کردی ۔
تم کس تربیت کی بات کررہے ہو میں نہیں سمجھا ۔
پردھان جی سالگرہ کے دن دھار آنے والے تھے اس لیے لوگوں کو نعرے لگانے ، تالیاں اور تھالی بجانے کی تربیت دینے کے لیے ایک پروگرام ہوا تھا
کیا بکواس کرتے ہو۔ ان گیارہ سالوں میں ہم لوگوں نے یہی تو سیکھا ہے۔ اس کی تربیت کیا معنیٰ؟
یہ کام شہری علاقوں میں ہوا ہے لیکن پردھان جی نے قبائلی علاقوں میں جانے کا من بنالیااب وہاں کے لوگ تویہ سب نہیں جانتے تھے اس لیے کرنا پڑا
سمجھ گیا لیکن پھر بدنامی کے لیے ویڈیو بنانے کی کیا ضرورت تھی؟
ارے تو کیا سب کو بار بار بلاتے۔ ویڈیو بنائی گئی تاکہ وہ سبھی لوگوں تک پہنچائی جائے اور وہ خطاب عام میں آنے سے قبل بار بار دیکھ کر مشق کرلیں ۔
جی ہاں یہ تو معقول بات ہے پھر گڑ بڑ کہاں ہوئی ؟
یار کیا بتاوں پھر گڑ بڑ ہی گڑ بڑ ہوتی چلی گئی ۔
اچھا ؟ وہ کیسے ؟؟
بھیا پہلے تو یہ ہوا کہ وہ ویڈیو حزب اختلاف کے ہتھے چڑھ گئی جس نے بات کا بتنگڑ بنانا شروع کردیا۔
اچھا تو اس میں ایسا کیا تھا کہ اس کا بتنگڑ بنایا جائے ۔
اس میں ایک شخص کہتا ہے کہ جب آنے کا اعلان ہوتو نعرے لگاو ۔ اس کی دیکھا دیکھی میں دیگر یعنی کرائے کے لوگ بھی لگانے لگیں گے۔
یہ تو جگ ظاہر ہے اس میں چھپانے جیسا کیا ہے؟
ارے بھائی آگے کی گڑ بڑ خود پردھان جی سے ہوگئی ۔
اچھا وہ کیسے ؟ موصوف تو خاصے تجربہ کار ہیں ۔ وہ کیسے غچاّ کھاگئے؟
ارے بھائی انہوں نے میدان کےخاموش حصے کی طرف دیکھا توان سے رہا نہیں گیا اس لیے ازخود راز فاش کردیا ۔
اچھا وہ کیسے؟
وہ بول پڑے کہ شاید اس طرف میری آواز نہیں جارہی ہے یا میں نظر نہیں آرہا ہوں ۔
اچھا یہ تو غضب ہوگیا۔ ان کو کچھ تو سوچنا چاہیے تھا ۔
بھیا تم بھول گئے کہ وہ اپنی75؍ وین سالگرہ منارہے ہیں ۔ اس عمر میں انسان کے اندر سوچنے سمجھنے کی صلاحیت نہیں رہتی ؟
لیکن ہم لوگ تو چاہتے ہیں کہ ملک کا 100؍ یوم آزادی بھی انہیں کی قیادت میں منایا جایا۔ اس وقت تو ان کی عمر 97؍سال ہوچکی ہوگی تب کیا ہوگا؟
ارے بھائی جو ہوگا سوگا ؟ لیکن یہ بتاو کہ اب کیا ہوا؟ ان بیوقوفوں نے نعرے لگائے یا نہیں ؟
جی نہیں وہاں پھر بھی سناٹا چھایا رہا تو پردھان جی نےکہا آپ بولیں نہ بولیں میں آپ کے من کی بات سن رہا ہوں ۔
ارے اتنا کھل کر بولنے پر بھی اس مجمع کو ہوش نہیں آیا؟
جی نہیں ایک عورت کو احساس ہوگیا تو وہ مودی مودی کے نعرے لگانے لگی ۔
اچھا تو پھر کیا ہوا؟
ارے بھائی اس کے بعد آس پاس کےسبھی لوگ زور زور سے مودی مودی کہہ کر چیخنےچلاّنے لگے ۔
اچھا یعنی اپنی تربیت کامیاب ہوگئی ۔
جی ہاں مگر جشن ناکام ہوگیا کیونکہ یہ سارا معاملہ کیمرے کی آنکھ نے قید کرکے حزب اختلاف کے حوالے کردیا ۔
تب تو اس کا حامی سوشیل میڈیا ہمارے پیچھے پڑگیا ہوگا؟
اور نہیں تو کیا ان بدمعاشوں نے ایسی ایسی باتیں کہنا شروع کردیں کہ اللہ کی پناہ؟
اچھا مجھے بھی تو بتاو کہ ان لوگوں نے کیا کچھ کہا؟
میں کیوں بتاوں تم خود سنو ۔
یار مجھے کیوں آزمائش میں ڈالتے ہو۔ تم نے سن لیا ہے تو خلاصہ بتا دو ۔
ارے بھیا وہ کہہ رہا کہ یہ سارا ناٹک شمالی کوریا سے مستعار لیا گیا ہے ۔
شمالی کوریا سے ؟ میں نہیں سمجھا ۔ وہاں کا کم جونگ تو کافی کم عمر ہے ۔
جی ہاں مگر اس کی سالگرہ ابھی سے زور و شور سے منائی جاتی ہے ۔
ارے بھائی اب لوگ اس سے محبت کرتے ہوں تو کسی کو کیا اعتراض ہوسکتا ہے؟
جی نہیں یہ محبت اور نفرت کا نہیں زبردستی کا معاملہ ہے۔ سبھی کو اپنے گھر میں اس کی تصویر لگانی پڑتی ہے ۔
تو اس میں کون سی بڑی بات ہے ہم بھی لگا لیں گے اور دوسروں سے بھی لگوادیں گے۔
لیکن ایک اور دقت ہے ۔ کم جونگ کے والد کی وفات کے دن سب کو لازمی طور پر ماتم کرتے ہوے سڑکوں پر اتر کر رونا لازمی ہے۔
اچھا تو کیا وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کی وفات کے دن ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا؟
بھیا کچھ کہہ نہیں سکتے کیونکہ پردھان جی جس سڑک پر چل پڑے وہ راستہ وہیں جاتا ہے۔
تب تو خدا خیر کرے۔ مجھے تو لگتا ہے وزیر اعظم کی 75؍ وین سالگرہ خاصی مہنگی پڑی ۔ اس لیے میں تو نہیں کہوں گا ’تم جیو ہزاروں سال‘۔
Like this:
Like Loading...