Skip to content
98/ بم بلاسٹ مقدمہ:سپریم کورٹ عمر قید کی سزا کے خلاف داخل اپیل پر حتمی سماعت کے لیئے تیار
جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی پیروی
نئی دہلی 22ستمبر
ممبئی98/ سلسلہ وار بم دھماکہ میں نچلی عدالت اور ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کی اپیلوں پر سپریم کورٹ آف انڈیا حتمی سماعت کرنے کے لیئے تیار ہے۔ اس تعلق سے سپریم کورٹ آف انڈیا میں گذشتہ جمعہ کو سماعت عمل میں آئی جس کے دوران جسٹس ستیش چندرااور جسٹس وپول پنچولی نے سال 2014/ میں بامبے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف داخل اپیلوں پر حتمی سماعت شروع کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ اشوتھ سیتارمن اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ سنہاشیش مکھرجی نے عدالت کو بتایا کہ وہ حتمی سماعت کے لیئے تیار ہیں لیکن چونکہ آج صرف دو ہی اپیلیں سماعت کے لیئے پیش ہوئی ہیں لہذا عدالت تمام اپیلوں پر ایک ساتھ سماعت کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سات ملزمین نے اپیلیں جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے توسط سے داخل کی ہیں۔دوران سماعت وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ملزم اشفاق سعید شیخ کا 11/ مارچ2025/ کوانتقال ہوگیا ہے لہذا اس کے مقدمہ کو ختم کیا جائے۔دو رکنی بینچ نے دفاعی وکلاء کو حکم دیا کہ وہ ملزمین کی جانب سے داخل اپیلوں کا مختصر خاکہ تیار کرکے عدالت میں اگلی سماعت پر داخل کرے۔ عدالت نے چار ہفتوں کے بعد مقدمہ کی سماعت کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔ سپریم کورٹ آف انڈیا میں عمر قید کی سزا کے خلاف آفتاب سعید احمد شیخ،اصغر قادر شیخ، محمد یقوب عبدالمجید ناگول،محمد صغیر محمد بشیر، محمد اقبال محمد حنیف، آفتاب سعیدشیخ اور جعفر شیخ نے داخل کی ہے جس پر حتمی سماعت کرنے کے لیئے سپریم کورٹ تیا ر ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کے مختلف اسٹیشنوں اور مختلف مقامات پر 1998 میں ہوئے بم دھماکوں کے الزامات کے تحت نچلی عدالت سمیت بامبے ہائی کورٹ سے مجرم گردانے گئے چھ مسلم لوگوں نے جمعیۃ علماء کے توسط سے ان سزاؤں کے خلاف سپریم کورٹ آف انڈیا میں اپیل داخل کی تھی لیکن ان اپیلوں پر حتمی سماعت نہیں ہونے کی وجہ سے عدالت سے ملزمین کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کی گذارش کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا اور 25/ سالوں کی طویل قید کے بعد گذشتہ سال ملزمین کی جیل سے رہائی ہوئی تھی۔
عیاں رہے کہ جنوری/فروری 1998میں ممبئی کے مضافات میں واقع ریلوے اسٹیشنوں کنجور مارگ،گورے گاؤں، ملاڈ، ویرار، سانتاکروز اور کاندیولی اسٹیشنوں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے جسمیں کل4/ افراد ہلا ک اور 30 / افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
بم دھماکوں کے بعد ممبئی پولس نے 12/ افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان پر تعزیرات ہند، آرمس ایکٹ، ایکسپوزیو سبسٹنس ایکٹ وغیرہ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
Like this:
Like Loading...