Skip to content
انتخابِ جدید جمعیت علماء کرناٹک میں صدر و نائب صدور کا بلا مقابلہ انتخاب
مفکر ملت حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری مسلسل پانچویں مرتبہ بلا مقابلہ ریاستی نائب صدر منتخب
محمد عبدالحلیم اطہر سہروردی معاون شعبہ نشر و اشاعت جمعیت علماء گلبرگہ کے پریس نوٹ کے بموجب الحمدللہ، بتاریخ 29/09/2025 بروز پیر، جمعیت علماء صوبہ کرناٹک کا جدید انتخاب شہر بنگلور کی خوبصورت مسجد مودی مسجد میں نہایت خوش اسلوبی اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ مکمل ہوا۔اس پُرامن انتخابی اجلاس میں بحیثیتِ مشاہد و سرپرست، معروف ملی و دینی قائد اور صدر جمعیت علماء ہند حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم بنفسِ نفیس شریک رہے۔ حضرت کی موجودگی نے اس اجلاس کو نئی جِلا بخشی اور تنظیمی استحکام میں مزید قوت عطا کی۔حضرت کی نگرانی و سرپرستی میں انتخابی عمل مکمل طور پر باتفاقِ رائے انجام پایا، جو اس بات کی دلیل ہے کہ جمعیت علماء کرناٹک میں اتحاد و یگانگت کی فضا قائم ہے اور عہدیداران دینی، ملی اور سماجی خدمات کے لیے خلوص نیت سے کوشاں ہیں۔اس انتخابی اجلاس میں ریاست کے تمام اضلاع سے جمعیت علماء کے منتخب عہدیداروں نے شرکت فرمائی ۔حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیت علماء ریاست کرناٹک کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا اسی طرح چار نائب صدور کا بھی بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ،حضرت مولانا محمد زین العابدین صاحب مظاہری و رشادی بنگلور ، حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری ، گلبرگہ،حضرت مولانا مفتی محمد طاہر صاحب قریشی، حضرت مولانا عبدالسلیم صاحب ندوی بلگام نائب صدور منتخب ہوئے اس موقع پر حضرت مولانا مفتی شمس الدین صاحب بجلی قاسمی کا بھی بحیثیت جنرل سیکریٹری بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔مفکر ملت حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری کو نائب صدر جمعیت علماء کرناٹک کے منصب پر مسلسل پانچویں مرتبہ بلا مقابلہ منتخب ہونے پر نہ صرف علما کرام بلکہ عامۃ الناس میں بھی خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ حضرت کاانتخاب نہ صرف ضلع گلبرگہ بلکہ پورے صوبے میں اتحاد و اتفاق کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری بااخلاص اور باوقار عالمِ دین ہیں، حضرت کی علمی، ملی و تنظیمی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں،آپ اتحاد امت کے علمبردار کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ حضرت کے انتخاب کو دینی و سماجی حلقوں میں نہایت خوش آئند اور امید افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔انتخابات میں ضلع گلبرگہ کے تعلقہ جات شاہ آباد، افضل پور،جیورگی، سیڑم ،چیتاپور، چنچولی سے کثیر تعداد میں جمعیت علماء کے منتخب عہدیداروں نے شرکت فرمائی ،شہر گلبرگہ سے حضرت مولانا محمد شریف صاحب مظہری صاحب کے ہمراہ حضرت مولانا عبدالوحید مفتاحی ،حضرت مولانا محمد اسماعیل صاحب قاسمی، حافظ محمد اقبال صاحب، مولانا عبدلواجد صاحب اشاعتی، مولانا زبیر احمد اشاعتی ،مولانا محمد منہاج قاسمی اور محمد عبدالحلیم اطہر سہروردی صاحب شریک رہے ۔اس موقع پر حضرت مولانا محمود مدنی صاحب نے خصوصی خطاب فرمایا اور اتحاد، تنظیمی مضبوطی، اور قوم و ملت کی خدمت پر زور دیا اور نو منتخب ذمے داران کو مبارکباد کے ساتھ دعاؤں سے نوازا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس انتخاب جدید کو جمعیت علماء کرناٹک کے لیے خیر و برکت، ترقی و استحکام کا ذریعہ بنائے۔ نئے منتخب ذمہ داران کو اخلاص، ہمت اور استقامت کے ساتھ دینِ متین، ملک و ملت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Like this:
Like Loading...