Skip to content
ظریفانہ:پہلے فائلس بند پھر کمل مند
ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان
للن نے کلن سے کہا یار آج مجھے نیوز لانڈری چینل کے ترجمان نے دھو دیا ۔
کلن بولا بھیا لانڈری میں جاوگے تو دھلائی ہی ہوگی نا اور کیا ہوگا؟
یار تم بھی عجیب آدمی ہو اپنے دوست کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے دشمن کی حمایت کرتے ہو ۔ لعنت ہو تمہارے ہندوتوا پر ۔
کلن نے کہا ہم لوگ اپنے سنگھ کی صد سالہ برسی منارہے ہیں اور تم ہندوتوا پر لعنت بھیج رہے ہو ، تمہیں شرم نہیں آتی؟
دیکھو میری بات کو اپنے گودی میڈیا کی طرح ٹویسٹ نہ کرو ۔ میں ہندوتوا پر نہیں تم جیسے ہندوتوا نواز منافقوں پر لعنت بھیج رہا ہوں ۔ کیا سمجھے ؟
بھیا میں تو مذاق کررہا تھا تم برا مان گئے ۔ خیر بتاو کہ تم ان لوگوں سے کہاں ٹکرا گئے؟ تمہیں تو پتہ ہے کہ وہ ہمارے کٹر ّ دشمن ہیں ۔
ارے بھیا کسی کی پیشانی پر تھوڑی نا لکھا ہوتا ہے کہ وہ کون ہے؟ میں نے سوچا وہ یوگی جی پر بنی فلم اجئے دیکھنے کے لیے آیا ہے تو اپنا ہی آدمی ہوگا۔
اوہو للن تم بہت بھولے ہو ۔ نیوز چینلس والوں کے مائیک پر لکھا ہوتا ہے ذرا پڑھ لیا کرو ۔
ہاں یار لیکن کیا بتاوں میرا موڈ اتنا خراب تھا کہ دماغ ہی نہیں چل رہا تھا ۔
یار میں تمہاری یہ بات نہیں مان سکتا ؟
للن بولا کیوں بھائی میں اپنے دماغ کے بارے میں بات کررہا ہوں ۔ تم مانتے کیوں نہیں؟
بھائی بات اتنی سی ہے کہ اگر کوئی چیز موجود ہی نہ ہو تو وہ خراب کیسے ہو سکتی ہے ۔ خیر اس کو چھوڑو اور یہ بتاو کہ فلم کیسی تھی؟
ارے بھائی فلم سے پہلے جب اس بدمعاش نے پوچھ لیا کہ اتنے کم لوگ کیوں آئے ہیں تو مجھے اتنا غصہ آیا کیا پھر کچھ سمجھ میں ہی نہیں آیا۔
کلن بولا کیوں اتنی بکواس فلم بنی ہے جو تمہارا موڈ خراب ہی رہا ؟ تم بولو تو یوگی بابا سے کہہ کرپرڈیوسر کا انکاونٹر کروا دوں ۔
نہیں بھائی فلم تو ٹھیک ٹھاک ہے اور پرڈیوسر ان کا اپنا آدمی ہے اس لیے وہ انکاونٹر کیوں کریں گے؟
تب پھر کیا مسئلہ ہوگیا ؟
ارے یار میں کہہ چکا ہوں ہال خالی تھا ۔ اس بدمعاش کو ملا کر جملہ پانچ لوگ فلم دیکھنے کے لیے تھیٹر میں آئے تھے ۔
اب اس میں پرڈیوسر کا کیا قصور ؟ تم یوگی جی کی فلم دیکھنے کے لیے چنئی کے تھیٹر میں جاوگے تو وہاں کون ہوگا ؟ ان کو تمل لوگ تھوڑی نا جانتے ہیں ۔
نہیں بھائی میں کل صبح تمل ناڈو سے لوٹ آیا اور شام میں اپنے نوئیڈا کے فنکس مال میں دل بہلانے کے لیے چلا گیا تھا ۔
اچھا !یوپی کے اندر دسویں دن فلم کا یہ حال ہوگیا ۔ بڑے شرم کی بات ہے۔
یار تب تو بہت بری بات ہے ۔ اس فلم نے کوئی کمائی ومائی کی یا نہیں ؟
کاہے کی کمائی ۔ فلم بنانے میں تقریباً چالیس کروڈ خرچ ہوگئے اور ابھی تک مشکل سے ایک کروڈ روپیہ آیا ہے ۔
یار تب تو کل کے ہونے والے وزیر اعظم کی بڑی بے عزتی ہوگئی۔ ڈبل انجن سرکار کا کیا فائدہ؟
للن بولا ارے بھائی ڈبل انجن سے ہم لوگوں کو ٹرین میں بھر کر فلم دیکھنے کی خاطر تو نہیں لاسکتے ہیں ۔
کیوں نہیں لاسکتے ؟ جب جلسہ جلوس کو کامیاب کرنے کے لیے لوگوں کو لایا جاسکتا ہے تو فلم دیکھنے کی خاطر کیوں نہیں؟
یار وہ تو پیسے دے کر لاتے ہیں تو کیا تمہارا مطلب ہے فلم دیکھنے کے لیے بھی اسی طرح لایا جائے؟
کیوں نہیں ؟ وہاں بھی عزت کا سوال ہوتا ہے یہاں بھی بے عزتی ہورہی ہے۔
ارے بھائی فلم کے لیے لوگوں کو لانا عجیب لگتا ہے اور پیسہ بھی لگتا ہے۔ سمجھتے کیوں نہیں ؟
ارے بھائی جہاں 40کروڈ کا نقصان ہوا وہاں 50 کروڈ کا ہوجاتا۔ کون سا اپنی جیب سے جاتا ہے؟؟
یہ بات بھی ٹھیک ہے مگر اس سے ہزاروں کروڈ کی تشہیر پر پانی پھر گیا ۔ کشمیر فائلس کی طرح وزیر اعظم کو اس فلم دیکھ کر اس کا پر چار کرنا چاہیے تھا۔
کیا بکواس کرتے ہو؟ امیت شاہ کو پردھان جی تھوڑی نا ناراض کرسکتے ہیں ؟ ارے بھیا ان کے بس میں ہوتا تو یہ فلم ریلیز ہی نہیں ہوتی ۔
ریلیز ہونے سے کوئی کیسے روک سکتا ہے؟
ارے بھیا یہ ۹؍اگست کو لگنے والی تھی لیکن سینسربورڈ نے روڈا اٹکا دیا پھر عدالت کے دھکے کھانے کے بعد تو ریلیز ہوسکی ہے۔
اچھا ہی ہوتا اگر امیت شاہ اس کی ریلیز روکنے میں کامیاب ہوجاتےتوہم یوگی بھگت بول سکتے تھے کہ اگر فلم لگ جاتی تو ہزاروں کروڈ کا کاروبار کرلیتی ۔
وہ تو ہے لیکن اہم سوال یہ ہے کہ آج کل ہماری فلمیں فلاپ کیوں ہورہی ہیں؟
ہماری فلمیں کیا مطلب ؟ پارٹی نے کوئی کمل چھاپ فلم پروڈکشن ہاوس بھی کھول دیا ہے کیا؟
ارے نہیں بھیا اپنا پروڈکشن نہیں مگر اپنا پروپگنڈا چلانے والی فلموں کا برا حال ہے ۔ کوئی انہیں دیکھ ہی نہیں رہا ۔
اچھا تمہارا مطلب اودے پور فائلس سے تو نہیں ہے۔ وہ تو بکواس فلم تھی ۔ اب کچھ بھی بنا دو تو تھوڑی نا چلنے والا ہے۔
یار بکواس تو کشمیر فائلس بھی تھی ۔ تمہیں یاد ہے اس یہودی ناقد نے کیا کہا تھا ؟ تھرڈ کلاس فلم ہے پھر بھی خوب چلی۔ 300کروڈ سے زیادہ کمائی ہوئی ۔
بھیا دیکھو اندھے کے ہاتھ بٹیر روز روز تھوڑی نا لگتی ہے؟ اب دیکھو بنگال فائلس کا کیا حال ہوا۔ دس کروڈ نہیں کما سکی ۔
وہ تو ممتا بنرجی نے ریلیز نہیں ہونے دیا ورنہ خوب چلتی؟
خاک چلتی ؟ اجئے کو یوپی میں کس نے روکا تھا ۔ وہ کیوں پِٹ گئی ؟ یہ سب بہانے بازی ہے۔
ارے بھیا وہ فلم خاص طور پر بنگالیوں کے لیے بنائی گئی ۔ اب وہیں نہیں لگی تو کیسے چلے گی؟
اچھا تو کیا کشمیر فائلس صرف وادی میں چلی تھی ؟ وہاں تو کسی نے نہیں دیکھا ملک بھر میں چلی ۔ بنگال فائلس کو دیگر ریاستوں میں کیوں نہیں دیکھا گیا؟
یار کچھ تنازع ہونا چاہیے ۔ مسلمان بھی مخالفت میں نہیں آئے۔
مسلمان ان کے خلاف فلم کو ہِٹ کرنے کے لیے کیوں آئیں گے؟ لیکن اودے پور فائلس کےخلاف تو آئے تھے لیکن پھر بھی نہیں چلی ۔
ہاں یار اس کے فلم ساز جانی نے تو ہندووں کو خوب برا بھلا کہا ، خوب عار دلائی پھر بھی لوگ نہیں پھٹکے ۔
ارے مخالفت تو مسلمان کررہے تھے اس نےہندووں کو برا بھلا کیوں کہا ؟
اس کا کہنا تھا کہ وہ ہندووں میں بیداری کے لیے فلم بنا رہا ہے اور وہ اسے فلاپ کررہےہیں اس لیے بھڑک گیا بیچارہ ۔
ارے ہندووں کو بیدار کرنا ہے تو مفت میں یو ٹیوب پر ڈال دے لوگ دیکھ کر بیدار ہوجائیں گے ۔ تھیٹر میں کیوں بلانا چاہتا ہے؟
ارے بھیا ہندو بیداری تو بہانہ ہے اصل مقصد پیسہ کمانا ہے۔ اب وہی نہیں حاصل ہوا تو کیا فائدہ ؟
یہی تو ہے مجھے تو لگتا ہے کہ اب ہندو بیدار ہوگیا ہے اس لیے ہمارے جھانسے میں نہیں آرہا ہے ورنہ اتنی بری طرح فلاپ نہیں ہوتی۔
جی اسی لیے اس نے کہا کہ ہندو اسی لائق ہیں ۔ وہ پِٹتے رہیں گے۔ گھر گھر میں لوگ آکر انہیں تلوار کے زور سے مسلمان بنادیں گے۔
یار اسلام تو نہ پہلے تلوار کے زور سے پھیلا نہ اب پھیلے گا۔ وہ تو ان جیسے ابن الوقتوں کی شر انگیزی سے بیزار ہوکر لوگ مشرف بہ اسلام ہو جائیں گے ۔
ہاں بھیا مجھے بھی یہی لگتا ہے لیکن اپنے پردھان جی پر بنی ہوئی فلم بھی کہاں ہِٹ ہوئی تھی۔ وہ بھی تو پِٹ گئی تھی ایسے میں یوگی کیا چیز ہے؟
ہاں یار ان دونوں کے علاوہ ’میں ہوں اٹل ‘ بھی نہیں چل سکی ۔ مجھے تو لگتا ہے کہ لوگ باگ سیاسی شخصیات پر فلم دیکھنا ہی نہیں چاہتے ۔
جی ہاں ورنہ ساورکر پر بنی ہوئی فلم تو ضرور دیکھتے۔ وہ تو ہندوتوا کا بابا آدم ہے۔
اچھا مگر گاندھی فلم نے ہزاروں کروڈ کمائے۔ کیا گاندھی جی سیاسی شخصیت نہیں تھے؟
ارے بھیا تھے لیکن ہر کوئی گاندھی تھوڑی نا ہوتا ہے ۔ یہ راجہ بھوج اور گنگوا تیلی والی بات ہوگئی۔
یار مجھے تو لگتا ہے ہمیں یہ فلم وِلم کے چکر میں پڑنے کے بجائے ووٹنگ مشین اور الیکشن کمیشن پر دھیان دینا چاہیے ۔
اچھا اس سے کیا ہوگا؟ کیا وہ لوگوں کو ہمیں ووٹ دینے پر آمادہ کرلیں گے؟
جی نہیں لیکن اس کی ضرورت ہی کیا ہے۔ وہ کسی کو بھی ووٹ دیں ۔ ہم چوری کرکے جیت جائیں گے بات ختم۔
ہاں یار وہ تو ٹھیک ہے لیکن یہ چوری چکاری کا اقتدار کب تک چلے گا مجھے ڈر ہے کہ کہیں اپنے یہاں بھی۰۰۰۰۰
کیوں ؟ رک کیوں گئے بولو میں تمہارا دوست ہوں کوئی مخبر تھوڑی نا ہوں ؟
بھیا کیا ایک انسان بیک وقت دوست اور مخبر نہیں ہوسکتا؟
ہوسکتا ہے لیکن سچا دوست اپنے رفیق کار کی جاسوسی نہیں کرسکتا۔ اس لیے بے دھڑک بولو۔
بھائی میں تو کہہ رہا تھا کہ کہیں اپنے یہاں بھی بنگلہ دیش اور نیپال کی کہانی نہ دوہرائی جائے ورنہ غضب ہوجائے گا ۔
کیوں اپنے کو کیا فرق پڑتا ہے؟ جو بھی اقتدار میں آئےگا ہم اس کاڈھول بجا کر اپنا پیٹ بھرتے رہیں گے ۔
جی ہاں وہ تو ہے مگر اپنے پردھان جی کا کیا ہوگا؟ اس عمر میں وہ کہاں جائیں گے ؟؟ ان کو کون سا ملک پناہ دے گا؟؟؟
بھیا تم بہت دور نکل گئے۔ وہ بڑے آدمی ہیں ۔ انہوں نے اپنا انتظام کررکھا ہوگا ۔ اس لیے ان کی چھوڑو اپنی سو چو۔
ہاں یار یہ بھی ٹھیک ہے، بھاڑ میں جائےیہ سرکار اور فلمی فائلس ۔ سب چور ہیں ۔ ہم کو اپنا بھلا سوچنا چاہیے ۔
Like this:
Like Loading...