Skip to content
دبئی،8اکٹوبر(ایجنسیز)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے مطالبہ کیا ہے کہ حماس غزہ میں موجود تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرے اور غزہ، اسرائیل اور پورے خطے میں جاری دشمنی کا خاتمہ کیا جائے۔
یہ بیان گوتیریس نے اُس موقع پر جاری کیا جب غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی تباہ کن جنگ کی دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ تصور انسانی المیہ ہے اس جنگ کو فوراً ختم ہونا چاہیے۔ غزہ اسرائیل اور خطے میں جاری تصادم کو رک جانا چاہیے۔ شہریوں کو اپنی جانوں اور مستقبل کی قیمت ادا نہیں کرنی چاہیے۔
گوتیریس نے زور دیا کہ "دو سال کی صدمات کے بعد اب امید کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ تجویز اس المناک تنازع کے خاتمے کے لیے ایک موقع ہے جسے ضائع نہیں کیا جانا چاہیے”۔
انہوں نے کہا کہ ایک پائیدار جنگ بندی اور قابلِ اعتماد سیاسی عمل، مزید خونریزی کو روکنے اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
واضح رہے کہ 29 ستمبر کو صدر ٹرمپ نے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا جس میں غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی، فریقین کے درمیان فائر بندی اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔
Like this:
Like Loading...