Skip to content
نئی دہلی 19 اکتوبر :جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظم عمومی مولا نا محمد حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃعلماء تلنگانہ کے صدر الحاج حافظ پیر شبیر احمد کے انتقال پر ملال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم طویل عرصے سے جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے مؤقر رکن اور1993سے لگا تارجمعیۃ علماء آندھرا پردیش و تلنگانہ کے فعال و متحرک صدر رہے۔
وہ جمعیۃ کے ان سرگرم اور مخلص سپاہیوں میں سے تھے جنہوںنے جنوبی ہند میںجمعیۃ کے نظریات کے فروغ اور اس کی اکائیوں کی تنظیم و توسیع میں نمایاں کردار ادا کیا۔ نیز اصلاح معاشرہ ، فتنہ ارتداد کی سرکوبی ، تحفظ عقیدہ ختم نبوت، ہندو مسلم اتحاد، ریلیف و باز آباد کاری کے میدان میں ان کی بیش بہا خدمات ہیں۔
ان کی حیات مستعار کا ایک روشن باب ریاست آندھرا پردیش میں مسلمانوں کے لیے تعلیم اور ملازمت کے میدانوں میں ریزرویشن کے حصول سے وابستہ ہے۔ یہ سچر کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جمعیۃ علماء ہند کے دیرینہ مطالبے کی عملی تعبیر ہے۔ اگر چہ بعد میں ہائی کورٹ نے اس پر حکم امتناعی صادر کیا لیکن جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے سپریم کورٹ میں کی گئی آئینی پیروی کے سبب یہ کوٹہ آج بھی برقرار ہے۔ اس کے نتیجے میں ہنوز تیس لاکھ سے زائد مسلم نو جوان ملازمت اور تعلیم کے میدان میں مستفید ہو چکے ہیں۔ وَاللہُ عِندَہُ حُسْنُ القَوَابِ
حافظ صاحب نے سیاسی و سماجی میدان میں بھی قابل قدر خدمات انجام دیں۔ وہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ایم ایل سی اور حج کمیٹی کےچیئر مین رہے، اور ان حیثیتوں میں بھی ملت اسلامیہ کی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھا۔ اگر چہ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے ،لیکن بیماری کےباوجود انہوں نےجمعیۃ علماء ہند اور اس کے نصب العین کو ہمیشہ اپنے سینے سے لگائے رکھا۔
ان کی پوری زندگی خلوص و استقامت اور خدمت دین سے عبارت تھی ۔ بلا شبہ جب ایسی شخصیت دنیا سے رخصت ہوتی ہے تو ایک بڑا خلا پیدا ہوتا ہے۔جمعیۃ علماء اس خلا کو شدت سے محسوس کر رہی ہےاور ان کے وصال کو ملت کے لیے نقصان عظیم تصور کرتی ہے۔اس موقع پر صدرجمعیۃ علماء ہند نے مرحوم کے جملہ اہل خانہ، بالخصوص صاحبزادہ محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء تلنگانہ، پیرارشاد احمد اور پیر منیر احمد سمیت تمام لواحقین سے تعزیت مسنونہ پیش کی ہے اور صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب اس غم میں برابر کے شریک اور آپ کے مثل مستحق تعزیت ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے تمام احباب، وابستگان اور دینی اداروں کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ وہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا خصوصی اہتمام کریں۔ اللہ رب العزت اپنی عنایتوں سے حافظ صاحب مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین۔
Post Views: 3
Like this:
Like Loading...