Skip to content
حماس کی غزہ انتظامیہ کی تشکیل کے لیے فوری اقدام کی اپیل
غزہ،26؍اکٹوبر(ایجنسیز)
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ تحریک حماس غزہ کی انتظامیہ کے لیے متفقہ کمیٹی کی فوری تشکیل کی حامی ہے، تاکہ وہ علاقے کی تعمیرِ نو کے کاموں کی انجام دہی شروع کر سکے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب حازم قاسم نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ حماس جنگ بندی کے اس معاہدے کی تمام تفصیلات پر مکمل طور پر کاربند ہے، جو ثالثوں کی کوششوں سے طے پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس اس معاہدے کو کامیاب بنانے اور عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے جمعہ کے روز بتایا کہ حماس کو مصر، قطر اور ترکیہ کی جانب سے واضح ضمانتیں ملی ہیں، جبکہ امریکہ نے بھی براہِ راست یقین دہانی کرائی ہے کہ جنگ عملاً ختم ہو چکی ہے اور معاہدے پر عمل درآمد اس کا مکمل اختتام ثابت ہوگا۔
ترجمان کے مطابق حماس نے معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل کرتے ہوئے زندہ قیدیوں اور بعض شہداء کی میتیں حوالے کر دی ہیں، جبکہ بقیہ مرحلہ مکمل کرنے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ معاہدے کا دوسرا مرحلہ مزید بات چیت اور ثالثوں کے ساتھ مشاورت کا متقاضی ہے، کیونکہ اس میں کئی عمومی اور پیچیدہ امور شامل ہیں جن کے لیے محتاط حکمتِ عملی درکار ہےاس وقت قاہرہ میں مختلف فلسطینی دھڑوں کے درمیان بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر فلسطینی اتفاقِ رائے قائم کیا جا سکے۔
ان مذاکرات میں فریقین نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کے تسلسل اور اس کی مضبوطی پر اتفاق کیا ہے۔یاد رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ غزہ منصوبے کا پہلا مرحلہ رواں ماہ 10 اکتوبر سے نافذالعمل ہوا، تاہم حالیہ دنوں میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے باعث اس کی صورتحال نازک بنی ہوئی ہے، جبکہ امریکہ اس معاہدے کو مستحکم بنانے اور دوسرے مرحلے کی جانب بڑھنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
Post Views: 3
Like this:
Like Loading...