Skip to content
فرہنگِ بیت بازی : اردو شاعری کے ذوق و لطافت کا درخشاں آئینہ
تبصرہ از: فضیل اختر قاسمی بھیروی
متعلم شعبۂ افتاء دارالعلوم حیدرآباد
اردو ادب کی وسعتوں میں وہ کتابیں جو ذوقِ سخن کو بیدار کریں، زبان کی نزاکتوں کو نمایاں کریں، اور قاری کے اندر فکری و شعری ذوق پیدا کریں، وہ ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ انہی نادر و کم یاب کتابوں میں ایک خوش رنگ اضافہ *”فرہنگِ بیت بازی”* ہے، جس کے مرتب فاضلِ محترم مولانا عبد الحمید شاکر حسامی ہیں۔
یہ کتاب دراصل معیاری بیت بازی کے لیے اردو کے سو سے زائد مشہور و معروف شعرائے کرام کے دو ہزار تین سو منتخب و دل آویز اشعار پر مشتمل ایک حسین و نفیس مجموعہ ہے۔ مرتب نے اسے نہ صرف ترتیب کے حسن سے آراستہ کیا ہے بلکہ اس میں اردو شاعری کے مختلف ادوار، اسالیب اور ذوقی رنگوں کو ایک گلدستہ کی صورت میں پیش کیا ہے۔
”فرہنگ بیت بازی” اردو شاعری کے عشاق، اہلِ مدارس و جامعات کے طلبہ، اور خوش ذوق اصحاب کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے۔ اس کتاب میں میر و غالب کی سادگی و گیرائی، اقبال کی فکری بلندی، جگر و فراق کا حسنِ احساس، اور جدید شعراء کے لطیف رنگ یکجا ہو گئے ہیں۔ ہر شعر اپنے اندر معنی کی گہرائی، جذبے کی تپش، اور خیال کی نزاکت لیے ہوئے ہے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ مولانا عبد الحمید شاکر حسامی نے اس کتاب کے ذریعہ محض بیت بازی کے شائقین کے لیے مواد فراہم نہیں کیا، بلکہ اردو شاعری کے دل آویز سرمایے کو نئی نسل کے سامنے فنِ سخن فہمی اور زبان دانی کی درسگاہ کی حیثیت سے پیش کیا ہے۔ یہ مجموعہ اردو زبان کے حسنِ بیان، وسعتِ معانی اور فکری بلندی کا آئینہ دار ہے۔
الغرض ”فرہنگ بیت بازی”
ایک ایسی ادبی کاوش ہے جو تفریح کے ساتھ تربیت کا پہلو بھی لیے ہوئے ہے۔ یہ کتاب اردو ادب کے ذوقِ لطیف کو جِلا بخشتی ہے، اور قاری کو احساس دلاتی ہے کہ شعر و سخن محض تفریح نہیں بلکہ ذہن و دل کو سنوارنے کا ایک مقدس وسیلہ ہے۔
دعا ہے کہ ذاتِ حق جل مجدہ مرتبِ محترم کو مزید توفیقاتِ علمی و ادبی عطا فرمائے، اور اس دل کش تالیف کو اردو ادب کی خدمت میں ایک یادگار و نافع اضافہ بنائے۔آمین یا رب العالمین
Like this:
Like Loading...