Skip to content
حجاب کے سلسلہ میں چیف منسٹر بہار کی انتہائی شرمناک اور دل آزار حرکت.
مسلمان اپنی دینی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے ،مجلس تحفظ ختم نبوت کے ذمہ دار علماء کرام کا بیان
حیدرآباد،18دسمبر(پریس ریلیز)
مولانا محمد ارشد علی قاسمی سیکرٹری مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ وآندھراپردیش کے ذمہ دار علماء کرام نے بہار میں ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کے چہرے پر سےزبردستی حجاب اتارنے کے لیے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی حرکت کو انتہائی شرمناک اور دل آزار حرکت قرار دیا ،اس پر اپنی شدید ناراضگی اور غصے کا اظہار کیا ،علماء کرام نے کہا: چیف منسٹر کی اس بدتمیزی اور بداخلاقی کو ڈھلتی عمر اور دماغی توازن کے ٹھیک نہ ہونے کا بہانہ بنا کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور نہ اس کو ہلکے میں لیا جا سکتا ہے کیوں کہ وہ ملک کی ایک بڑی ریاست میں نظم و نسق کے سب سے بڑی دستوری عہدے پر ہیں اس عہدے پر رہنے والے کا یہ آئینی فرض ہے کہ وہ بلا لحاظ مذہب ملک کے تمام شہریوں کے مذہبی جذبات کی نزاکت و سنگینی کو محسوس کرے اور اس کو ملحوظ بھی رکھے چیف منسٹر بہار نے نہ صرف اپنے عہدے کے وقار و احترام کو مجروح کیا بل کہ بھارت کے آئین کو پامال کیا اور ملک کی دوسری بڑی اکثریت کی شدید دل آزاری کی، چیف منسٹر بہارکو فوری طور پر کھلے عام اس مسلمان خاتون ڈاکٹر سے معافی مانگنا ہوگا اس کے علاوہ انسانی حقوق کی تنظیموں، خواتین کمیشن، اقلیتی کمیشن اور دیگر دستوری اداروں کو بھی اس غلط حرکت کا قانونی نوٹس لینا ہوگا، اس شرمناک واقعہ کے بعد جے ڈی یو کے مسلم قائدین کو نام نہاد مسلمان اور سیاسی قائد کا کردار ادا کر نے کے بجائے وہ ایک حمیت اور غیرت مند مسلمان ہو نے کا ثبوت دیں اور اپنی پارٹی کے قائد کو مسلم خاتون ڈاکٹرسے معذرت خواہی کر نے پر مجبور کریں، افسوس کے جے ڈی یو کے بعض مسلم قائدین اپنے حقیر سیاسی مفادات کے لئے چیف منسٹر کی اس شرمناک حرکت کا دفاع کر رہے ہیں، اس طرح ملک بھرمیں مسلم بیٹیوں اور بہنوں کی عزت و آبرو کی انھیں کوئی پروا نہیں ہے، علماء کرام نے پرزور انداز میں واضح کیا کہ مسلمان اس ملک کے باوقار اور باعزت شہری ہونے کی حیثیت سے ملک کے وسائل میں برابر کے حصے دار ہیں، وہ کسی کے رحم و کرم پر نہیں ہیں، اس لیے مسلمان پوری قوت کے ساتھ اپنے تمام مذہبی عقائد و تعلیمات کے پابند رہیں گے، اسلام سے کامل وابستگی اور اپنی دینی شناخت و پہچان پر وہ کسی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے مجلس تحفظ ختم نبوت کے ذمہ داران نے مسلمانوں اور تمام انصاف پسند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیف منسٹر کی اس غیر اخلاقی اور غیر قانونی حرکت کے خلاف موثر انداز میں دستوری اداروں میں اپنا احتجاج درج کروائیں۔
Post Views: 4
Like this:
Like Loading...