Skip to content
المعہد العالی الاسلامی، حیدرآباد میں دوسرا تقریری مقابلہ منعقد
حیدرآباد 23دسمبر(ایجنسیز)نوجوان نسل کی خطیبانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے مقصد سے المعہد العالی الاسلامی، حیدرآباد کے شاندار دارالتربیہ ہال میں شعبۂ DELL کی نصابی سرگرمیوں کے تحت ایک باوقار تقریری مقابلہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
مقابلے میں شریک طلبہ نے فصاحت و بلاغت ، پُراعتماد اندازِ بیان اور موضوعات کے تنوع کے ذریعے سامعین اور معزز جج حضرات کو بے حد متاثر کیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں نعت پیش کی گئی۔ اس کے بعد طلبہ نے دورِ حاضر سے متعلق فکری اور بصیرت افروز موضوعات پر تقاریر کیں، جن میں جدید تعلیم و ٹیکنالوجی کے اثرات کے ساتھ ساتھ روحانی، سماجی اور اخلاقی اقدار بھی شامل تھیں۔
مقابلے کے لیے تین ممتاز علمی و تعلیمی شخصیات کو بطور جج مدعو کیا گیا:
جناب مجتبٰی حسن عسکری صاحب، بانی ٹرسٹی، ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن
جناب جاوید حقانی صاحب، ڈائریکٹر، ابابیل اسٹوڈیو
مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی صاحب، نائب ڈائریکٹر، المعہد العالی الاسلامی اور جنرل سیکریٹری، ملی کونسل، تلنگانہ
تمام معزز جج حضرات نے طلبہ کی تقاریر کو بے حد سراہا، قیمتی مشورے دیے اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی درست رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
محمد جنید، محمد حماد اور محمد فرحان نے بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔
صدارتی خطاب میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب (ڈائریکٹر، المعہد العالی الاسلامی اور صدر، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے اس بات پر زور دیا کہ المعہد میں انگریزی تعلیم کا مقصد محض روزگار یا مادی کامیابی نہیں، بلکہ طلبہ کو عصر حاضر کی زبان، اسلوبِ گفتگو اور دعوتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ وہ جدید دنیا میں اسلام کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ موجودہ دور میں انگریزی ایک ناگزیر ضرورت اور عالمی سطح پر خطاب کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکی ہے، اس لیے تمام شعبہ جات کے طلبہ کو اسے سنجیدگی سے اختیار کرنا چاہیے۔ آخر میں انہوں نے طلبہ کی شاندار کارکردگی اور اساتذہ کی انتھک محنت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ شعبہ اپنے مقاصد کی تکمیل میں کامیاب رہا ہے۔
پروگرام کی نظامت مولانا ناظر انور قاسمی نے کی۔ مولانا محمد انظر قاسمی نے شعبۂ DELL کا تفصیلی تعارف پیش کیا، جبکہ مولانا ارشد قاسمی نے نتائج کا اعلان کیا اور انعامات و ٹرافیوں کی تقسیم کی ذمہ داری انجام دی۔ اس پروگرام میں المعہد کے تمام معزز اساتذہ نے شرکت کی اور بھرپور تعاون پیش کیا۔
اختتام پر کامیاب طلبہ میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ فائنل راؤنڈ کے لیے منتخب تمام طلبہ کو خصوصی انعامات دیے گئے، جبکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ہونے والے چاروں تقریری مقابلوں میں مسلسل شرکت کرنے والے طلبہ کو بطور حوصلہ افزائی ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس عطا کیے گئے۔
پروگرام کا اختتام صدرِ محترم کی دعا اور اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔
Like this:
Like Loading...