Skip to content
معراج کے عظیم الشان واقعہ میں اسلام کی سربلندی کا اہم ترین پیغام .
مسجد قبا میں جمعہ کے موقع پر مولانا حافظ طاہر قاسمی کا خطاب
حیدرآباد،17جنوری(پریس نوٹ) ممتاز عالم دین مولانا حافظ طاہر قاسمی بانی و ناظم دارالعلوم سبیل الہدی و مدرسہ نسواں جامعۃ الہدی شاد نگر نے مسجد قباء میں نماز جمعہ سے پہلے اپنے بیان میں کہا معراج کا عظیم الشان واقعہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی کا ایک اہم ترین معجزہ ہے اس معجزہ کی وضاحت قران و حدیث میں موجود ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی رات میں مسجد حرام کعبۃ اللہ سے بیت المقدس اور پھر وہاں سے ساتوں آسمانوں کا سفر فرمایا اہل سنت والجماعت کے نزدیک اللہ تعالی کے حکم پر حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا سفر معراج روحانی و جسمانی دونوں تھا
بلکہ مولانا نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے طائف کا سفر انتہائی تکلیف دہ تھا طائف والوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کی بجائے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ساتھ بدتمیزی و بداخلاقی سے پیش ائے اس کے باوجود رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں معاف فرما دیا طائف کے اس حوصلہ شکن اور تکلیف دہ واقعہ کے بعد اللہ تعالی نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی بارگاہ میں مدعو فرمایا یہ دراصل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب اطہر کی تسکین و تسلی کے لیے اللہ تعالی کا ایک خاص فیصلہ تھا معراج کے اس عظیم الشان واقعہ میں خود مسلمانوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ مشکل حالات سے نا امید و مایوس نہ ہوں بلکہ مصائب و مشکلات سے آدمی کو اوپر اٹھنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے
اس واقعہ کے بعد اسلام کی کامیابی و سربلندی کا ایک نیا دور شروع ہوا مولانا قاسمی نے کہا سفر معراج میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو تمثیلی طور پر جن گناہوں کی سزا دکھائی گئی اس سے ہمیں بچنے کی ضرورت ہے غیبت چغل خوری اور سود خوری وغیرہ گناہوں سے ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو پاک کرنا ہوگا مولانا نے کہا: سفر معراج کے موقع پر نماز فرض کی گئی یہ معراج کا عظیم الشان تحفہ ہے جو بارگاہ خداوندی سے ہمیں حاصل ہوا ہمیں چاہیے کہ ہم نمازوں کی پابندی کریں سستی وکاہلی اور لاابالی پن سے دور رہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اللہ تعالی ہمیں معراج کے واقعہ کو پڑھنے اور سننے کے ساتھ اس واقعہ کے مقصد کو سمجھنے اور اس کے پیغام پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے
Like this:
Like Loading...