سعودی وزیر خارجہ کی استنبول میں ترکیہ صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
ریاض، 15جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے اتوار کو استنبول میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا خیرمقدم کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا، ترکیہ کی برادر حکومت اور عوام کیلیے مزید ترقی اور خوشحالی کا اظہار کیا۔دونوں ملکوں اور برادر عوام کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور حوالے سے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے انڈرسکریٹری برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی اور ترکیہ میں سعودی سفیر فہد ابو النصر بھی موجود تھے۔قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے پہلووں کے علاوہ دونوں ممالک کے لیے تشویش کے امور پر دوطرفہ اور کثیر الجہتی رابطوں کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کی حکومتوں کے درمیان رابطہ کونسل کے قیام کے منٹس میں ترمیم کرتے ہوئے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے جس کا مقصد دونوں برادر ملکوں کی قیادت اورعوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسیع تر افق کی طرف بڑھانا ہے۔