Skip to content
آدی باسیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کا کام مودی سرکار نے کیا: امت شاہ
رانچی، 20جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو رانچی میں جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کی مہم کا آغاز کیا۔ یہاں پربھات تارا میدان میں منعقدہ بی جے پی کی توسیعی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے، انہوں نے ریاست میں موجودہ ہیمنت سورین حکومت کا تختہ الٹنے اور مکمل اکثریت کے ساتھ بی جے پی حکومت بنانے پر زور دیا۔ امت شاہ نے کہا کہ ہیمنت سورین کی قیادت والی جے ایم ایم-کانگریس-آر جے ڈی حکومت ملک کی سب سے بدعنوان حکومت ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور کارکنان گھر گھر جا کر اس حکومت کے بدعنوانی، گھوٹالوں اور ٹوٹے وعدوں پر دستاویزات پہنچائیں گے۔ اس حکومت میں 1000 کروڑ روپے کا منریگا گھوٹالہ، 1000 کروڑ روپے کا کان کنی گھوٹالہ اور 300 کروڑ روپے کا زمین گھوٹالہ ہوا۔
جھارکھنڈ میں کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کے گھر سے 300 کروڑ روپے اور ہیمنت حکومت کے ایک وزیر کے پی اے کے گھر سے 30 کروڑ روپے ملے ہیں۔یہ عوام سے لوٹا اور کرپشن کے ذریعے اکٹھا کیا گیا پیسہ ہے۔ بے شرمی کی انتہا یہ ہے کہ کانگریس دوبارہ اس جیل میں بند وزیر کو ٹکٹ دینے جارہی ہے جس کے پی اے کے گھر سے 30 کروڑ روپے ملے تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جھارکھنڈ میں بنگلہ دیشی دراندازی کے لیے ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ وہ خود کو قبائلی وزیر اعلیٰ کہتے ہیں، لیکن وہ آدی باسی کی فکر کرنے کے بجائے ان دراندازوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جو زمین اور لو جہاد کے ذریعے ان کی زمین کو لوٹتے ہیں۔
جھارکھنڈ میں قبائلیوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔ درانداز قبائلیوں کے حقوق سلب کر رہے ہیں۔ انہیں ان کی جگہ نوکریاں مل رہی ہیں اور ہیمنت سورین کو صرف اپنا ووٹ بینک بڑھانے کی فکر ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی آبادی کے مسئلہ پر ایک وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قبائلیوں کو تحفظ ملے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان کی آبادی کم نہ ہو اور انہیں ریزرویشن کا حقیقی فائدہ ملے۔
Like this:
Like Loading...