Skip to content
حیدرآباد/سکندرآباد 16/ فروری(نمائندہ) جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کے زیرِ اہتمام مدرسہ سراج العلوم، حشمت پیٹ سکندرآباد میں ایک عظیم الشان نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ اس روح پرور اور بابرکت محفل میں ضلع بھر سے علماء کرام، حفاظ عظام، ذمہ دارانِ مدارس اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی سرپرستی حضرت مولانا صابر خان صاحب (منتظم مدرسہ سراج العلوم) نے فرمائی۔ پروگرام کی قیادت پاسبانِ ملت حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ) نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب شریک رہے۔ صدارت کے فرائض مولانا مفتی ولی اللہ خان صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری) نے انجام دیے۔ پروگرام کی نگرانی جناب الحاج شیخ یونس الدین صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل) نے کی۔
نعتیہ مشاعرہ میں ممتاز شعراء کرام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے۔ شرکت کرنے والے شعراء میں قاری عبد الباطن فیضی صاحب، مولانا پیر عبدالوھاب عمیر صاحب قاسمی، مولانا علیم الدین واحد صاحب، مفتی اکرام الحسن مبشر صاحب، جناب احمد حسین ساغر صاحب اور حافظ فضیل فوض صاحب شامل تھے۔ شعراء کی پرسوز آوازوں اور دلنشین کلام نے حاضرین کے قلوب کو گرما دیا اور محفل کو روحانی فضا سے معطر کردیا۔
پروگرام کی نظامت مولانا معراج الدین ابرار صاحب (سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ) نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب نے “استقبالِ رمضان” کے عنوان پر خصوصی خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عوام کو رمضان المبارک کی صحیح قدر کرنے، وقت کے درست استعمال اور مقدس مہینے میں عبادات و اعمالِ صالحہ کی کثرت کی طرف توجہ دلائی۔ مولانا نے فضول خرچی اور اوقات کے ضیاع سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے رمضان کو اصلاحِ نفس اور تقویٰ کے حصول کا بہترین موقع قرار دیا۔
محفل کے اختتام پر مولانا خالد صاحب دامت برکاتہم (صدر مدرس سراج العلوم، حشمت پیٹ) کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
مولانا عبدالرحمن رشیدی سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا
یہ نعتیہ مشاعرہ نہ صرف عشقِ رسول ﷺ کے اظہار کا حسین ذریعہ ثابت ہوا بلکہ استقبالِ رمضان کے سلسلے میں اصلاحی و تربیتی پیغام عام کرنے کا بھی مؤثر وسیلہ بنا۔ حاضرین نے اس بابرکت محفل کو بے حد سراہا اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔۔۔۔
Like this:
Like Loading...