Skip to content
اعتکاف کے ایام مساجد میں عقائداسلامیہ کی تعلیم کا اہتمام کیا جائے!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرستان مفتی افتخار احمد قاسمی اورمفتی محمد مقصودعمرا ن رشادی کی اپیل!
بنگلور ، 09؍مارچ (پریس ریلیز) : مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرستان مولانامفتی افتخار احمد قاسمی(صدر جمعیۃ علماء کرناٹک) اورمولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصودعمرا ن رشادی (امام و خطیب جامع مسجد سٹی بنگلور) نے ایک مشترکہ بیان میں اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کے بابرکت ایام خصوصاً آخری عشرہ میں اعتکاف کی عظیم عبادت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ الحمدللہ بڑی تعداد میں مسلمان مساجد میں اعتکاف میں بیٹھ کر عبادت، تلاوت اور ذکر و اذکار میں مشغول ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی قریب کے چند سالوں میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بعض ایسے افراد بھی اعتکاف میں شامل ہو جاتے ہیں جو گمراہ کن افکار و عقائد رکھتے ہیں اور سادہ لوح لوگوں میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح کی خبریں مختلف مقامات سے گردش میں آتی رہی ہیں، جو یقیناً تشویش کا باعث ہیں۔ بعض باطل فرقے اور گمراہ جماعتیں اپنے نظریات کے فروغ کے لیے ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہیں، اس لیے مسلمانوں کے عقائد کی حفاظت اور صحیح دینی شعور کی بیداری نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ ایسے حالات میں وقت کی اہم ضرورت یہ ہے کہ ہر مسجد میں معتکفین کے لئے ایک منظم نظام عمل ترتیب دیا جائے۔ اس نظام کے تحت اعتکاف کے دوران روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ عقائد اسلامیہ کی تعلیم کا اہتمام کیا جائے۔ اگر مساجد کے ائمہ و خطباء معتکفین کے درمیان صحیح عقائد پر مختصر دروس کا اہتمام کریں تو یہ اور بھی زیادہ مفید ثابت ہوگا۔ان دروس میں بالخصوص اسلام کے بنیادی عقائد کو واضح کیا جائے، مثلاً عقیدۂ توحید، عقیدۂ رسالتؐ، عقیدۂ ختم نبوتؐ، عقیدۂ عصمت انبیاء ؑو حرمت صحابہؓ، عقیدۂ آخرت، نزول عیسیٰ علیہ السلام، ظہور امام مہدی، اور قیامت کے قریب ظاہر ہونے والی اہم نشانیاں وغیرہ، تاکہ معتکفین کو دین کے بنیادی عقائد کا صحیح اور مضبوط فہم حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر اعتکاف کے دس دنوں میں اس عمل کی پابندی کے ساتھ تعلیم جاری رکھی جائے تو ان شاء اللہ معتکفین کو صحیح عقائد کو سمجھنے، ان پر مضبوطی سے قائم رہنے اور دوسروں تک صحیح پیغام پہنچانے میں بڑی آسانی ہوگی۔
آخر میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرستان نے مساجد کی انتظامیہ ، ائمہ و خطباء اور ذمہ داران سے اپیل کی کہ اعتکاف کے انتظامات کے ساتھ ساتھ معتکفین کی دینی و فکری تربیت کا بھی اہتمام کریں، تاکہ یہ مبارک ایام عبادت کے ساتھ ساتھ صحیح عقیدہ و فکر کی مضبوطی کا ذریعہ بھی بن جائیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح عقیدہ، صحیح عمل اور دین کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Like this:
Like Loading...