*تم کیا جانو پردیس کی زندگی کیسی ہوتی ہے*
*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
______________________________
جب ایک مرد اپنے گھر سے دور صرف چند پیسے کمانے کے لیے پردیس جاتا ہے تو اس کے پیچھے چھوڑ آنے والی دنیا کتنی بھاری ہوتی ہے یہ وہی جانتا ہے۔ تم نے دیکھا ہوگا کہ جب کوئی اپنے وطن سے رخصت ہوتا ہے تو اس کے گھر والے دوست احباب کس طرح اسے وداع کرتے ہیں ہر آنکھ اشکبار ہوتی ہے ہر دل بوجھل۔
میں جب بھی گھر سے نکلتا ہوں تو اپنی امی اور بہنوں کو ہمیشہ روتے ہوئے دیکھا ہے۔ ان کو چھوڑ کر آنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ پردیس میں جا کر وہ شخص کس طرح دن رات محنت کرتا ہے یہ کوئی نہیں دیکھتا۔ اپنے ہاتھوں سے کھانا بناتا ہے چھوٹے چھوٹے خرچوں کو روک کر پیسے جمع کرتا ہے اور پھر وہی پیسے گھر بھیجتا ہے تاکہ اس کے اپنے خوش رہ سکیں ان کی زندگی آسان ہو سکے۔
مگر اس کے دل میں کیا چل رہا ہوتا ہے؟ اسے ہر وقت اپنی ماں کی یاد آتی ہے، باپ کی محنت یاد آتی ہے، بہنوں کے ساتھ ہنسنا کھیلنا، چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑنا اور پھر مان جانا یہ سب یادیں اس کے ساتھ رہتی ہیں۔ لیکن وہ سب کچھ دل میں دبائے برداشت کرتا ہے، کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب اسی کی ذمہ داری ہے۔
میرے اپنے دو بڑے بھائی باہر ملک میں رہتے ہیں۔ ان کے بھیجے ہوئے پیسے تو وقت پر آتے رہتے ہیں، لیکن وہ خود تین، چار، کبھی پانچ سال بعد گھر آ پاتے ہیں۔ ان کی کمی ہر لمحہ محسوس ہوتی ہے۔ ان کی قربانی بہت بڑی ہے۔
اگر کبھی پیسے کی اصل اہمیت جاننی ہو تو ان لوگوں کو دیکھو جو اسے محنت سے کماتے ہیں۔ وہ لوگ کیا جانیں پیسے کی قدر، جنہیں کمانا نہیں پڑتا۔ اصل قدر تو وہی جانتا ہے جو دھوپ، بارش، گرمی اور سردی میں بارہ بارہ گھنٹے محنت کر کے ایک ایک روپیہ کماتا ہے۔
دنیا میں پیسہ کمانا ضروری ہے، کیونکہ اس کے بغیر گزارا ممکن نہیں ورنہ دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے ہیں ۔ لیکن پردیس کی زندگی بھی کوئی آسان زندگی نہیں یہ ایک میٹھی جیل کی طرح ہے۔ انسان جیتا تو ہے، مگر اپنے لوگوں سے دور، اپنی خوشیوں سے دور۔
لوگ اکثر کہتے ہیں کہ بیٹیاں پرایا گھر ہوتی ہیں، مگر ہم جیسے بیٹے بھی کم پرائے نہیں ہوتے۔ ہمیں بھی اپنا گھر چھوڑنا پڑتا ہے، صرف اس لیے کہ ایک دن اپنا گھر بنا سکیں۔ اس سفر میں کتنی اذیتیں، کتنی مصیبتیں اور کتنی پریشانیاں برداشت کرنی پڑتی ہیں، یہ کوئی نہیں دیکھتا۔
خدارا ان لوگوں کی قدر کرو جو تمہارے لیے کماتے ہیں، تمہیں کھلاتے ہیں، تمہاری خوشیوں کے لیے اپنی خوشیاں قربان کر دیتے ہیں چاہے وہ باپ ہو بھائی ہو بیٹا ہو یا شوہر ہو ان کے لیے دعائیں کرو کیونکہ وہی تمہارے اصل محسن ہوتے ہیں۔
یا اللہ ربّ العزت پردیس میں سب کو آسانیاں رزق حلال اور اپنوں کی محبت ہمیشہ نصیب فرما آمین ثم آمین یارب العالمین ۔
8235703061
