Skip to content
بارود، طاقت اور زوال
امریکا، ایران اور نئی عالمی کشمکش
✍️۔مسعود محبوب خان (ممبئی)
09422724040
┄─═✧═✧═✧═✧═─┄
دنیا کی سیاسی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جب بھی کوئی طاقت اپنے عسکری غلبے کو عالمی نظم کا واحد ضامن سمجھنے لگتی ہے تو اس کے فیصلے رفتہ رفتہ انسانی اقدار، معاشی توازن اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔ اکیسویں صدی میں امریکا کی مسلسل جنگی حکمتِ عملی اسی حقیقت کا ایک نمایاں مظہر ہے۔ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد امریکا نے خود کو دنیا کی واحد سپر پاور تصور کرتے ہوئے مختلف خطوں میں فوجی مداخلت کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بنا لیا۔ مگر وقت نے ثابت کیا کہ بندوق کے زور پر قائم کیا جانے والا عالمی نظام نہ صرف غیر مستحکم ہوتا ہے بلکہ خود طاقتور ریاست کو بھی اندر سے کمزور کر دیتا ہے۔
ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی فضا نے ایک مرتبہ پھر اس سوال کو زندہ کر دیا ہے کہ کیا مسلسل جنگیں کسی بھی قوم کے لیے پائیدار حکمتِ عملی ہو سکتی ہیں؟ بظاہر عسکری طاقت رکھنے والا امریکا آج داخلی معاشی بحران، بے روزگاری، مہنگائی، قرضوں کے بوجھ اور سماجی اضطراب کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ دوسری جانب ایران جیسی ریاستیں، جو برسوں سے اقتصادی پابندیوں اور سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہی ہیں، اپنے دفاعی نظام کو اس انداز سے استوار کر چکی ہیں کہ انہیں عسکری اعتبار سے مکمل طور پر کمزور کرنا آسان نہیں رہا۔
سرد جنگ کے خاتمے کے بعد امریکا نے صرف عسکری برتری ہی قائم نہیں کی بلکہ تہذیبی و فکری غلبے کی ایک نئی تعبیر بھی پیش کی۔ امریکی دانشور سیموئیل ہنٹنگٹن کے "Clash of Civilizations” نظریے نے عالمی سیاست کو تہذیبی کشمکش کے زاویے سے دیکھنے کی بنیاد فراہم کی۔ اس نظریے کے مطابق مستقبل کی جنگیں صرف سرحدوں یا وسائل کے لیے نہیں بلکہ تہذیبوں، ثقافتوں اور نظریات کے درمیان ہوں گی۔ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مداخلتوں نے اس تصور کو مزید تقویت دی کہ عالمی سیاست اب صرف جغرافیائی نہیں بلکہ تہذیبی کشمکش کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران اپنے آپ کو محض ایک ریاست نہیں بلکہ ایک مزاحمتی تہذیبی بیانیے کے نمائندہ کے طور پر پیش کرتا ہے۔
ایران کی عسکری حکمتِ عملی اور "اسٹریٹجک صبر”
ایران نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران اپنی عسکری حکمتِ عملی کو روایتی جنگ کے بجائے "غیر متوازن دفاع” (Asymmetric Warfare) کے اصول پر استوار کیا۔ اس حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ محدود وسائل کے باوجود بڑی طاقتوں کو طویل اور مہنگی جنگ میں الجھایا جائے۔ ایران کے پاس موجود میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی آج خطے کی سب سے اہم دفاعی قوتوں میں شمار کی جاتی ہے۔ ایران نے نہ صرف مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کیے بلکہ جدید ڈرون نظام کے ذریعے جنگ کے نئے انداز کو بھی اختیار کیا۔ ان ہتھیاروں کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ نسبتاً کم لاگت کے باوجود بڑے فوجی اہداف کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی قیادت بارہا اس بات کا اشارہ دے چکی ہے کہ اس کی تمام عسکری صلاحیتیں ابھی دنیا کے سامنے ظاہر نہیں ہوئیں۔ "اسٹریٹجک ابہام” (Strategic Ambiguity) کی یہ پالیسی دراصل نفسیاتی جنگ کا حصّہ ہے، جس کا مقصد مخالف قوتوں کو مسلسل غیر یقینی کیفیت میں مبتلا رکھنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کے حوالے سے عالمی عسکری تجزیہ نگار اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ اگر خطے میں طویل جنگ مسلّط ہوئی تو اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کے نظام کو بھی متاثر کریں گے۔
امریکا کی جنگی تاریخ: طاقت سے تھکن تک
امریکا کی جدید تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے شاید ہی کوئی دہائی ایسی گزری ہو جس میں امریکا کسی نہ کسی جنگ یا فوجی مداخلت میں شریک نہ رہا ہو۔ امریکا کا دفاعی بجٹ دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ کوریا، ویتنام، عراق، افغانستان، شام اور اب ایران کے ساتھ کشیدگی؛ یہ سب ایک طویل جنگی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔
کوریا اور ویتنام: طاقت کا ابتدائی امتحان
کوریا کی جنگ نے امریکا کو پہلی بار یہ احساس دلایا کہ ہر جنگ فوری فتح پر ختم نہیں ہوتی۔ اس کے بعد ویتنام کی جنگ نے امریکی معاشرے کو اندر سے ہلا کر رکھ دیا۔ لاکھوں جانوں کے ضیاع اور بے پناہ مالی اخراجات نے امریکی عوام میں جنگ مخالف جذبات کو جنم دیا۔
افغانستان: تاریخ کی طویل ترین جنگ
افغانستان میں تقریباً دو دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگ امریکا کی تاریخ کی سب سے طویل جنگ ثابت ہوئی۔ کھربوں ڈالرز خرچ کرنے کے باوجود امریکا وہ سیاسی استحکام پیدا نہ کر سکا جس کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ بالآخر امریکی افواج کا انخلا اس حقیقت کا اعتراف تھا کہ جدید عسکری طاقت بھی ہر مسئلے کا حل نہیں۔
عراق: جنگ جس نے پورے خطے کو بدل دیا
عراق پر حملہ "وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں” کے دعوے پر کیا گیا، مگر بعد میں یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا۔ اس جنگ نے نہ صرف عراق کے سیاسی و سماجی ڈھانچے کو تباہ کیا بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کر دیا۔
ایران تنازع: مہنگی ترین جنگی کشیدگی
ایران کے ساتھ حالیہ تنازع کو معاشی اعتبار سے انتہائی مہنگا قرار دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی چند دنوں میں ہی اربوں ڈالرز کے اسلحے کا استعمال اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ جدید جنگیں اب صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہیں بلکہ وہ معیشت، توانائی، تجارت اور سماجی استحکام کو بھی براہِ راست متاثر کرتی ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ کی جنگوں کو صرف نظریاتی یا عسکری تناظر میں دیکھنا کافی نہیں۔ اس خطے کی اصل اہمیت اس کے تیل کے ذخائر اور عالمی توانائی کی منڈی میں اس کے کردار سے جڑی ہوئی ہے۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکی معیشت نے "پیٹرو ڈالر” نظام کے ذریعے اپنی عالمی مالیاتی بالادستی کو مضبوط کیا۔ یہی وجہ ہے کہ خلیج فارس میں کسی بھی قسم کی کشیدگی صرف علاقائی مسئلہ نہیں رہتی بلکہ عالمی مالیاتی نظام کو بھی متاثر کرتی ہے۔ آبنائے ہرمز میں معمولی تناؤ بھی تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر سکتا ہے، جس کے اثرات ایشیا، یورپ اور امریکا سمیت پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔
یومیہ سینکڑوں ملین ڈالرز کے اخراجات اس بات کی علامت ہیں کہ جنگ اب محض فوجی مسئلہ نہیں بلکہ معاشی بقاء کا سوال بھی بن چکی ہے۔ جنگی صنعت اگرچہ اسلحہ ساز کمپنیوں کو وقتی فائدہ پہنچاتی ہے، لیکن قومی معیشت کے لیے یہ مسلسل بوجھ ثابت ہوتی ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، سپلائی چین کی رکاوٹیں اور سرمایہ کاری کے عدم استحکام نے امریکی عوام کی روزمرّہ زندگی کو براہِ راست متاثر کیا۔ عام شہری، جو پہلے ہی مہنگائی اور رہائشی اخراجات کے دباؤ کا شکار ہیں، اب مزید مالی مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔
امریکی معیشت: طاقت کے باوجود بے یقینی
امریکا بظاہر دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور جدید سرمایہ دارانہ نظام کا سب سے طاقتور مرکز ہے، لیکن اس ظاہری استحکام کے پس منظر میں کئی داخلی بحران بتدریج شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ قومی قرضہ تاریخی سطح تک پہنچ چکا ہے، مہنگائی عام آدمی کی قوتِ خرید کو متاثر کر رہی ہے، جبکہ رہائش، صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات متوسط طبقے کے لیے مسلسل تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ یوں عسکری برتری اور معاشی عظمت کے باوجود امریکی معاشرہ ایک گہری بے یقینی کی کیفیت سے دوچار دکھائی دیتا ہے۔
اسی معاشی دباؤ کا ایک نمایاں اظہار ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی برطرفیوں کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ جب عالمی شہرت یافتہ کمپنیاں ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے لگیں تو یہ محض انتظامی یا کاروباری فیصلہ نہیں رہتا، بلکہ وسیع تر معاشی اضطراب کی علامت بن جاتا ہے۔ اوریکل سمیت متعدد بڑی کمپنیوں میں ملازمتوں کے خاتمے نے یہ سوال پیدا کر دیا ہے کہ کیا مصنوعی ذہانت، آٹومیشن، بڑھتے ہوئے دفاعی اخراجات اور عالمی معاشی غیر یقینی کے درمیان امریکی لیبر مارکیٹ ایک نئے بحران کی طرف بڑھ رہی ہے؟
معاشی اور عسکری طاقت کے اس باہمی تعلق کو سمجھنے کے لیے یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ جدید جنگیں اب صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہیں۔ آج کی جنگیں میڈیا، اطلاعات، سائبر ٹیکنالوجی اور نفسیاتی بیانیے کے ذریعے بھی لڑی جاتی ہیں۔ طاقتور ممالک عالمی ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی عسکری مداخلتوں کو "امن”، "جمہوریت” یا "دہشت گردی کے خلاف جنگ” جیسے دلکش نعروں کے ساتھ پیش کرتے ہیں، تاکہ عالمی رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کیا جا سکے۔
عراق جنگ اس کی ایک نمایاں مثال ہے، جہاں "وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں” کا بیانیہ اس شدّت سے عالمی میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا کہ بعد میں اس کے بے بنیاد ثابت ہونے کے باوجود دنیا ایک طویل اور تباہ کن جنگ کے اثرات سے نہ بچ سکی۔ اس واقعے نے یہ واضح کر دیا کہ جدید دور میں اطلاعات اور میڈیا بھی جنگی حکمتِ عملی کا ایک اہم ہتھیار بن چکے ہیں۔ آج سوشل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور سائبر جنگ نے اس بیانیاتی معرکے کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔ اب جنگ صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ ذہنوں، اطلاعاتی نظاموں اور ڈیجیٹل دنیا میں بھی لڑی جا رہی ہے، جہاں حقیقت اور پروپیگنڈا کے درمیان فرق کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
جنگ اور سرمایہ دارانہ نظام
جدید سرمایہ دارانہ نظام میں جنگ اب محض سیاسی یا عسکری تنازع تک محدود نہیں رہی، بلکہ رفتہ رفتہ ایک منظم "معاشی صنعت” کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اسلحہ ساز کمپنیاں، توانائی کے عالمی ادارے، نجی دفاعی کمپنیاں اور مالیاتی طاقتیں اکثر جنگی ماحول سے غیر معمولی فوائد حاصل کرتی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ بعض مفکرین اور ناقدین کے نزدیک دنیا کے کئی تنازعات کے پس منظر میں سیاسی مقاصد کے ساتھ ساتھ معاشی مفادات بھی کارفرما ہوتے ہیں۔ جنگ جتنی طویل ہوتی ہے، اسلحے کی منڈی، تیل کی سیاست اور عالمی سرمایہ کاری کے مخصوص حلقوں کے لیے اتنے ہی زیادہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
اسی تناظر میں بعض تجزیہ نگار "جنگی معیشت” (War Economy) کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں، جہاں اسلحے کی تیاری، فوجی معاہدے اور دفاعی اخراجات پوری معیشت کے اہم ستون بن جاتے ہیں۔ بظاہر یہ نظام طاقت اور ترقی کا تاثر دیتا ہے، لیکن اس کے اندر ایک گہرا تضاد پوشیدہ ہوتا ہے؛ کیونکہ جب معیشت کا استحکام جنگ اور خوف سے وابستہ ہو جائے تو انسانی فلاح، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود جیسے شعبے پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔
تاریخ اس حقیقت کی بھی گواہ ہے کہ جنگی معیشت وقتی طاقت تو فراہم کر سکتی ہے، مگر طویل مدت میں یہی پالیسی سماجی بے چینی، اخلاقی زوال اور معاشی بحران کو جنم دیتی ہے۔ مسلسل عسکری مہمات ریاستی وسائل کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہیں، جبکہ عوامی اعتماد بھی بتدریج کمزور ہونے لگتا ہے۔ روم کی سلطنت، برطانوی سامراج اور سوویت یونین جیسی طاقتیں اس حقیقت کی نمایاں مثالیں ہیں کہ جب کوئی ریاست اپنی بقاء کا انحصار مسلسل عسکری توسیع پر کر لے تو اس کے زوال کے آثار اسی کے اندر پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ یوں تاریخ بار بار یہ سبق دیتی ہے کہ طاقت کی حقیقی بنیاد صرف عسکری برتری نہیں بلکہ معاشی انصاف، سماجی استحکام اور انسانی اقدار کا تحفّظ ہے۔ جنگ پر کھڑی ہونے والی معیشت وقتی طور پر مضبوط دکھائی دے سکتی ہے، مگر وہ اپنے اندر زوال کے بیج بھی ساتھ لیے ہوتی ہے۔
انسانی المیہ: اعداد و شمار سے آگے
جنگ کے اعداد و شمار صرف مالی نقصانات یا فوجی ہلاکتوں تک محدود نہیں ہوتے۔ ہر جنگ اپنے پیچھے اجڑے ہوئے شہر، یتیم بچّوں، نفسیاتی امراض، بے گھر خاندان اور خوف زدہ نسلیں چھوڑ جاتی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال نے ایک پوری نسل کو عدمِ تحفّظ کے احساس میں مبتلا کر دیا ہے۔ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ طاقتور ریاستیں اکثر اپنے سیاسی مفادات کے لیے کمزور قوموں کو میدانِ جنگ بنا دیتی ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو صرف دو ممالک کا تنازع سمجھنا حقیقت کا ادھورا مطالعہ ہوگا۔ موجودہ عالمی سیاست دراصل ایک نئی عالمی صف بندی کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں چین، روس اور بعض ابھرتی ہوئی طاقتیں امریکی یک قطبی نظام کو چیلنج کر رہی ہیں۔
چین اپنی "بیلٹ اینڈ روڈ” پالیسی کے ذریعے عالمی معاشی اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے جب کہ روس عسکری اور توانائی کی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایران ان دونوں قوتوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا کر اپنے لیے ایک متبادل عالمی بلاک تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ تبدیلیاں اس بات کا اشارہ ہیں کہ مستقبل قریب میں دنیا مکمل امریکی غلبے کے بجائے "کثیر قطبی نظام” (Multipolar World Order) کی طرف بڑھ سکتی ہے۔
مستقبل کا منظرنامہ
اگر امریکا اپنی خارجہ پالیسی کو مسلسل عسکری مداخلت پر قائم رکھتا ہے تو امکان ہے کہ معاشی بحران مزید گہرا ہو جائے گا۔ دوسری طرف ایران اور اس کے اتحادی خطے میں مزاحمتی سیاست کو مزید تقویت دے سکتے ہیں۔ اس صورتحال میں دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو سکتی ہے جہاں "براہِ راست جنگ” کے بجائے "طویل معاشی و تکنیکی جنگیں” زیادہ نمایاں ہوں گی۔
مستقبل کی جنگیں صرف ٹینکوں اور میزائلوں تک محدود نہیں رہیں گی۔ مصنوعی ذہانت، سائبر حملے، ڈرون سسٹمز اور ڈیجیٹل نگرانی جنگ کے نئے ہتھیار بن چکے ہیں۔ اب جنگیں معیشت، اطلاعات، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں بھی لڑی جا رہی ہیں۔ امریکا، چین، روس اور ایران سمیت مختلف ممالک مصنوعی ذہانت پر مبنی عسکری نظام تیار کر رہے ہیں، جس سے مستقبل کی جنگیں زیادہ غیر مرئی مگر زیادہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔ دنیا کو اس وقت طاقت کے توازن سے زیادہ انصاف کے توازن کی ضرورت ہے۔ اگر عالمی سیاست صرف عسکری برتری کے اصول پر چلتی رہی تو نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا عدمِ استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔
امریکا کی جنگی تاریخ اور ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی اس حقیقت کو آشکار کرتی ہے کہ جدید جنگیں کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہتیں۔ ان کے اثرات عالمی معیشت، انسانی زندگی اور سیاسی استحکام پر گہرے نقوش چھوڑتے ہیں۔ ایران کی عسکری تیاری اور امریکا کی معاشی مشکلات اس بدلتی ہوئی عالمی حقیقت کی علامت ہیں کہ اب طاقت صرف ایٹمی ہتھیاروں یا فوجی اڈوں کا نام نہیں رہی، بلکہ معاشی استحکام، عوامی اعتماد اور سیاسی حکمت بھی عالمی قوت کے بنیادی عناصر بن چکے ہیں۔ امریکی قومی قرضہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
قرآنِ مجید طاقت، اقتدار اور انسانی غرور کے انجام کے بارے میں بار بار متنبہ کرتا ہے: "وَتِلْكَ الْأَيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ۔ اور یہ دن ہیں جنہیں ہم لوگوں کے درمیان گردش دیتے رہتے ہیں۔” تاریخ کا اٹل سبق یہی ہے کہ قومیں محض عسکری قوت، جنگی فتوحات یا سیاسی غلبے سے مستحکم نہیں ہوتیں، بلکہ انصاف، علم، معاشی توازن اور انسانی وقار کے احترام سے حقیقی طاقت حاصل کرتی ہیں۔ جب کوئی ریاست طاقت کے نشے میں عقل، اخلاق اور انصاف سے دور ہو جاتی ہے تو اس کا اقتدار آہستہ آہستہ اپنے ہی بوجھ تلے کمزور ہونے لگتا ہے۔ ظلم، جنگ اور جبر پر قائم ہونے والی طاقت بظاہر کتنی ہی عظیم کیوں نہ دکھائی دے، اس کے زوال کے بیج اسی کے اندر پوشیدہ ہوتے ہیں۔
علامہ محمد اقباؔلؒ نے اسی حقیقت کو نہایت بصیرت افروز انداز میں بیان کیا ہے:
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خودکشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا ناپائیدار ہوگا
یہ اشعار دراصل اس تہذیب کے انجام کی طرف اشارہ ہیں جو اخلاقی بنیادوں کے بجائے طاقت، استحصال اور مادی غرور پر تعمیر کی جائے۔ تاریخ گواہ ہے کہ وہ قومیں دیرپا ثابت ہوئیں جنہوں نے انسانی اقدار، عدل اور فکری توازن کو اپنی بنیاد بنایا، جب کہ ظلم اور جنگ کے سہارے قائم ہونے والی سلطنتیں بالآخر اپنے ہی تضادات کا شکار ہو کر بکھر گئیں۔
🗓️ (01.05.2026)
✒️ Masood M. Khan (Mumbai)
📧masood.media4040@gmail.com
Post Views: 38
Like this:
Like Loading...