Skip to content
کارگل وجے دیوس منانے لداخ جائیں گے مودی
نئی دہلی ،22جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
پی ایم مودی 26 جلائی کو لداخ میں کارگل وجے دیوس کی 25 ویں سالگرہ کا حصہ ہوں گے۔ یہ جانکاری لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر اور ریٹائرڈ بریگیڈیئر بی ڈی مشرا نے دی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے دورہ سے متعلق تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس سال سلور جوبلی کے موقع پر کارگل ضلع کے دراس میں 24 سے 26 جلائی تک کئی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور 26 جولائی کو پی ایم مودی اس کا حصہ ہوں گے۔
فوج اور ملک کے لیے خوشی کے اس موقع پر وزیراعظم 26 جولائی کو دراس میں ہونے والے عظیم الشان پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ پی ایم مودی کارگل وار میموریل جائیں گے اور فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس دوران پی ایم مودی شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ پی ایم مودی پہلے بھی فوجیوں کے درمیان دیکھے جا چکے ہیں۔
اب وہ اس پروگرام میں فوج کے جوانوں کے ساتھ ہوں گے۔کارگل کی جنگ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان لڑی گئی تھی۔ یہ جنگ مئی اور جولائی 1999 کے درمیان کشمیر کے ضلع کارگل اور لائن آف کنٹرول پر لڑی گئی۔ جنگ کے دوران، ہندوستانی فوج نے پاکستانی دراندازوں کو پیچھے ہٹا دیا تھا اور آپریشن وجے کے ایک حصے کے طور پر ٹائیگر ہل اور دیگر پوزیشنوں پر دوبارہ قبضہ کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ہندوستانی فوجیوں نے یہ فتح تین ماہ کی لڑائی کے بعد حاصل کی جس میں دونوں طرف سے جان و مال کا نقصان ہوا اور ہندوستانی فریق نے تقریباً 490 افسران، سپاہیوں اور جوانوں کو کھو دیا۔ کارگل وجے دیوس ہر سال 26 جولائی کو جنگ میں ہندوستان کی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔خیال رہے کہ اس وقت ہندوستان کے وزیراعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی تھے۔
Like this:
Like Loading...