Skip to content
سیرت نبوی ہی سےنئی نسل کی تربیت ممکن۔۔۔
ماڈرن ہائی اسکول نارائن پیٹ میں کتاب محمد مصطفی ہمارے حبیب کارسم اجرا وتقسیم ۔۔۔
مفتی سید آصف الدین ندوی کا خطاب
————-
حیدرآباد،یکم مئی(الہلال میڈیا)اپنی نسلوں کے دین وایمان کی فکر کرنا انبیا ء کرام کی سنت ہے، قرآن مجید میں حضرت ابراہیم وحضرت اسحاق کا اولاد کی تربیت وتعلیم کا تذکرہ موجو دہے،اپنے بچوں بچیوں کے دین و ایمان ، عقیدہ واعمال کی فکرمندی اور عملی کوشش اللہ کے رسولوں کےذریعہ امت مسلمہ کو نسل درنسل ملی ہے، حضرت نوح علیہ السلام کے بیٹے کا واقعہ، حضرت لقمان کی اپنے بیٹے کو نصیحت ،حضرت یعقوب کااپنے بیٹوں کو تلقین اور حضرت یوسف کی تربیت ، حضرت آدم علیہ السلام کی شفقت ونصیحت کی وہ شاہ کار مثالیں ہیں جو قیامت تک کے لئے ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ، سردار انبیاء رسول اللہ ﷺ کی سیرت طیبہ تمام پہلوئوں سے مرصع ایک خوبصورت ودل آویز اور یادگار وحسین مجموعہ ہے، اسی لئے اللہ تعالی نے آپ کی سیرت طیبہ کو اسوہ حسنہ قراردیاہے۔جس میں جمال یوسف ،عزیمت نوح، صبر ایوب، ابراہیم علیہ السلام کی قربانی ،آدم علیہ السلام کی شفقت، موسی علیہ السلام کا عزم وحلم ، عیسی السلام کی پاک دامنی، بلکہ آپ علیہ السلام تمام انبیا کرام کی خوبیوں اورکمالات کا مجموعہ ہیں۔
اس ستودہ صفات وجامع کمالات ہستی کو اللہ تعالی نے ہماری سیرت سازی کا معیار بنایا ہے۔ان زریں خیالات کا اظہار مہمان خصوصی مفتی سیدآصف الدین ندوی قاسمی ایم اے بانی انسٹی ٹیوٹ آف عربک حیدرآباد نے کتاب محمد مصطفی ﷺ ہمارے حبیب کے رسم اجرا کے جلسہ میں جو ماڈرن ہائی اسکول نارائن پیٹ میں منعقد ہوا، کیا او راپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ یہ کتاب ایک مشن اور ایک تحریک ہے، ایک انقلاب کا عنوان ہے، قبل ازیں جناب عثمان عبید اللہ مجاہد صدیقی ناظم جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتاب کے دونوں مصنفین کاتعلق نارائن پیٹ سے ہے، ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع امریکہ و مفتی سید آصف الدین ندوی نےاس حسین کتاب کو سیرت کے عظیم لائبریری سے جمع کیا ہے،اس میں قلب ونظر کا سامان ہے، فکر وعمل کےلئے دعوت ہے۔
قارئین کرام کی سہولت کے لئے پاکٹ سائز میں آرٹ پیپر پر دیدہ زیب وجاذب نظر صورت میں طبع کرایاگیا ہے، اور اہلیان نارائن پیٹ کےلئے مصنفین کی طرف سے تحفۃ پیش کیا جارہا ہے۔ اس موقعہ ماڈرن اسکول کے طلبہ وطالبات اور تمام حاضرین ومدعوئین میں کتاب حیات انقلاب ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع حیات وخدمات ،اور محمد مصطفی ہمارےحبیب تحفۃ پیش کی گئی۔ اپنے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ سے ہماری زندگی دنیا میں بھی روشن ہوگی اور آخرت کے اندھیروں شمع محمدی ہی سے سہارا ہے، اسی لئے ضروری ہےکہ امت مسلمہ سیرت طیبہ سےجڑے،رسول اللہ کی حیات طیبہ سے انسانیت کو جوڑے،آپ کے پیام رحمت اوردعوت انسانیت کو ساری دنیا تک پہنچائے، خاص طورپر بچپن سے مسلمانوں میں سیرت کی تعلیم ہونی چاہیے ، جیسے یہ کتاب ہےجو نوجوان نسل کو پیش نظررکھ کر ترتیب دی گئی ہے۔
قبل ازیں مہمان خصوصی جناب محمد اخلاق الرحمن سنڈکے حیدرآباد نے ماڈرن ہائی اسکول کے حوالے سے کہا کہ یہ تعلیم کی شمع ہے اسے روشن رکھنا ہمارا فریضہ ہے، ہمیں ملت کی تعلیم کےلئے آپسی اختلافات کو فراموش کرکےمتحد کوشش کرنے کی ضرورت ہے، جناب محمد عبد القدیر سنڈکےکرسپانڈنٹ ماڈرن ہائی اسکول نےنظامت کے فرائض انجام دیے اور اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہاکہ کتاب محمد مصطفیٰ ہمارے حبیب کے رسم اجرا کے موقعہ پر حاضری اور پیام سیرت کی تحریک میں موجودگی سعادت ہے۔ مفتی سیدآصف الدین ندوی صاحب کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
Post Views: 76
Like this:
Like Loading...