Skip to content
حاجیوں سے ا ضافی و صولی غیر اخلاقی اور نا مناسب: تیج لال بھارتی.
حکومتِ ہند فوری طور پر اضافہ واپس لے، حاجیوں کو مکمل سہولیات فراہم کرے: کرن رجیجو سے اپیل
نئی دہلی:2مئی(الہلال میڈیا) حکیم اجمل خان فورم فار پیس اینڈ کومنل ہارمونی کے قومی صدر مسٹر تیج لال بھارتی نے حج پر جانے والے عازمین سے 10 ہزار روپے اضافی رقم وصول کیے جانے کے فیصلے کو سختی سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک انتہائی مذموم، غیر منصفانہ اور ناقابل قبول اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور وہ بڑی چاہت، عقیدت اور روحانی جذبے کے ساتھ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ عازمینِ حج برسوں کی محنت اور بڑی مشقت سے سرمایہ جمع کرتے ہیں، تب کہیں جا کر اس مقدس سفر کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ ایسے میں اچانک حج اخراجات میں 10 ہزار روپے کا اضافہ کر دینا نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ یہ حاجیوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
مسٹر تیج لال بھارتی نے کہا کہ اقلیتی امور کی وزارت کا قیام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے عمل میں آیا ہے، نہ کہ ان پر مزید بوجھ ڈالنے کے لیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجیوں سے سہولیات کے نام پر جو رقم وصول کی جا رہی ہے، وہ سہولیات بھی مکمل طور پر فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف چھوٹے ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ عازمینِ حج کو کئی جگہوں پر مطلوبہ سہولیات میسر نہیں ہیں، ان کے انتظامات ناقص ہیں، اور شکایات مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ ایسے حالات میں فیس میں مزید اضافہ کرنا عازمین کے لیے ناقابل برداشت اور ناقابل ادا بوجھ ہے۔
مسٹر بھارتی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عازمینِ حج کے ساتھ انصاف کرے اور ان کے ساتھ ایسا سلوک نہ کیا جائے جس سے انہیں پریشانی اور ذہنی دباو ¿ کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے تاکہ بیرونِ ملک ہندوستان کا وقار بلند ہو اور ملک کی بہتر شبیہ دنیا کے سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف حاجیوں کی دل آزاری ہوتی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
مسٹر تیج لال بھارتی نے حکومتِ ہند خصوصاً مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور جناب کرن رجیجو سے اپیل کی کہ عازمینِ حج سے وصول کی جا رہی اضافی 10 ہزار روپے رقم فوری طور پر واپس لینے کا اعلان کیا جائے اور حج انتظامات کو بہتر بنا کر حاجیوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی جانب فوری پیش رفت کی جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت حاجیوں کے جذبات اور مشکلات کو سمجھتے ہوئے جلد مثبت فیصلہ کرے گی۔
Post Views: 47
Like this:
Like Loading...