Skip to content
مولانا توصیف رضا کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے:
نوری فاؤنڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک کا حکومت سے مطالبہ
بنگلور،7مئی(ایجنسیز)
انسانیت ایک بار پھر شرمسار ہے! عرسِ تاج الشریعہ (بریلی شریف) کی روحانی محفل سے فیض یاب ہو کر اپنے گھر کو لوٹنے والے ایک نوجوان عالمِ دین، مولانا توصیف رضا مرحوم کو ٹرین میں شرپسندوں نے جس بے دردی سے نشانہ بنایا، اس نے پورے ملک کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔6مئی 2026 بروز چہار شنبہ مسجد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ین یف ہال بنگلور میں نوری فاؤنڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں نوری فاؤنڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک کے صدر عالی جناب الحاج مولانا سید ربانی ثقافی عبقری شاہ آمری صاحب نے اپنے مذمتی پیغام میں کہا کہ انتہائی دکھ اور کرب کے ساتھ یہ اطلاع موصول ہوئی کہ عرسِ تاج الشریعہ (بریلی شریف) میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس لوٹتے ہوئے مولانا توصیف رضا کو ٹرین میں شرپسند اور جنونی عناصر نے تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔
نوری فاؤنڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک کے نائب صدرحضرت مولانا حافظ وقاری محمد توحید رضا علیمی صاحب نے اس سانحہ پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کسی پرامن مسافر اور عالمِ دین کو محض اس کی مذہبی شناخت کی بنا پر ٹارگٹ کرنا ایک بزدلانہ فعل اور ملک کے امن و امان پر بدنما داغ ہے۔ٹرینوں میں مسافروں، بالخصوص اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی دوسرا شخص اس طرح کی بربریت کا شکار نہ ہو۔اس تنظیم کے سکریٹری عالی جناب الحاج مولانا حافظ وقاری محمد حسین اشرفی مصباحی صاحب نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مولانا توصیف رضا، جو بہار کے رہنے والے اور گورکھپور میں خدمتِ دین پر مامور تھے،شادی کے صرف دوسال ہوئے تھے۔محض اپنی مذہبی شناخت کی
وجہ سے نفرت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ فون ریکارڈنگ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے شہادت سے قبل اپنی اہلیہ کو فون پر پیش آنے والے خطرے کی اطلاع بھی دی تھی۔ یہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی بربریت ہے۔ نوری فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر مسجد رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صدر عالی جناب الحاج سید سجاد احمد آمری صاحب نے حکومتِ ہند اور ریلوے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس انسانیت سوز واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے اور ملوث درندہ صفت قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ریلوے انتظامیہ اور وزیرِ ریلوے ان قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچاکر ریلوے میں مسافروں، بالخصوص اقلیتوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
اللہ تعالیٰ مولانا توصیف رضا منظری کی شہادت کو قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کی بیوی و اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
اس میٹنگ میں علامہ مولانا سید ربانی ثقافی عبقری شاہ آمری حضرت مولانا حافظ وقاری محمد حسین اشرفی مصباحی صاحب حضرت مولانا حافظ وقاری محمد توحید رضا علیمی حضرت مولانا حافظ وقاری محمد عاقب نوری ذوقی شاہ آمری حضرت حافظ محمد شعیب رضا رضوی حضرت مولانا مصور نوری صاحب الحاج سید سجاد احمد آمری الحاج محمد شبیر احمد آمری وغیرہم ذمہ داران نوری فاؤنڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک حاضر رہے
Post Views: 141