Skip to content
تمل ناڈو و کیرالہ میں IUML کی فیصلہ کن کامیابی، دہلی میں شاندار جشن.
سندر نگری میں ڈھول تاشوں اور پارٹی پرچموں کے ساتھ فتح کا اظہار، قائدین کی بھرپور شرکت
نئی دہلی12مئی (پریس ریلیز):
انڈین یونین مسلم لیگ (IUML) ایک ایسی قومی و ریاستی سطح کی مؤثر سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے جس نے تمل ناڈو اور کیرالہ کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے اپنی سیاسی بصیرت اور عوامی حمایت کا بھرپور ثبوت پیش کیا ہے۔ تمل ناڈو میں جہاں IUML نے وجیے کو حکومت سازی میں مضبوط بنانے میں کلیدی رول ادا کیا، وہیں کیرالہ میں بھی کانگریس اتحاد کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی سیاسی طاقت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
تمل ناڈو میں اگرچہ انڈین یونین مسلم لیگ کا اتحاد پہلے سے ہی ایم کے اسٹالین کے ساتھ رہا ہے، تاہم راہل گاندھی اور کانگریس کی پانچ نشستوں کی شمولیت کے بعد IUML نے اخلاقی طور پر اپنے پرانے ساتھیوں سے الگ ہوتے ہوئے وجیے کو مضبوط بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ پارٹی کے تمام ممبرانِ اسمبلی نے متحد ہو کر حمایت فراہم کی، جس کے نتیجے میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ عددی اکثریت مکمل ہوئی اور وجیے کو وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ ہموار ہوا۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات واضح طور پر تسلیم کی جا رہی ہے کہ IUML نے اس موقع پر اپنی سیاسی حکمت عملی سے تمل ناڈو میں فیصلہ کن حیثیت اختیار کر لی۔
دوسری جانب کیرالہ میں انڈین یونین مسلم لیگ اور کانگریس اتحاد نے انتخابی میدان میں بھرپور کامیابی حاصل کی۔ IUML نے مجموعی طور پر 27 نشستوں پر الیکشن لڑا جن میں سے 22 نشستوں پر نمایاں فتح حاصل کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ کیرالہ میں پارٹی کا ووٹ بینک مضبوط اور منظم ہے۔ توقع ہے کہ کیرالہ میں جلد ہی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی، جس کے بعد نئی حکومت کا باضابطہ آغاز ہوگا۔
ان دونوں ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالہ میں IUML کی کامیابی اور اس کی بادشاہ گر حیثیت کو برقرار رہنے پر دہلی پردیش انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے سندر نگری میں ایک شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا۔ جشن میں دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی، نیشنل سکریٹری خورم انیس عمر، نیشنل سکریٹری آصف انصاری، اور جوائنٹ سکریٹری شیخ فیصل حسن دہلی پردیش سکریٹری عمران اعجاز سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر سندر نگری کے گلی کوچے IUML کے جھنڈوں، نعروں اور ڈھول تاشوں کی آوازوں سے گونج اٹھے اور عوام نے فتح کا جشن بھرپور انداز میں منایا۔
قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ نے ہمیشہ ملک کی سالمیت، قومی یکجہتی، سیکولرزم اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ IUML کی تاریخ قربانیوں اور عوامی خدمت سے عبارت ہے، جس کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ پارٹی نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیمراؤ امبیڈکر کو پارلیمنٹ بھیجنے کے لیے بنگال میں اپنی نشست خالی کر کے انہیں کامیاب کرایا تھا، جو IUML کے قومی وژن اور وسیع تر سوچ کا روشن ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی IUML نے تمل ناڈو میں جیت کو وزیر اعلیٰ بنوانے میں اہم کردار ادا کر کے اپنی سیاسی بصیرت ثابت کی ہے اور کیرالہ میں مسلسل کامیابی حاصل کر کے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ پارٹی قیادت نے یقین دلایا کہ IUML آئندہ بھی ملک میں جمہوریت، انصاف اور سیکولر اقدار کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
آخر میں کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کامیابیوں کو ملت اور ملک کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے۔
Post Views: 41