دارالخیر چاند باغ میں ’’پیغامِ انسانیت‘‘ پروگرام
سیرتِ رسول ؐسے امن و بھائی چارے کا درس، مختلف طبقات کی شرکت
نئی دہلی :18مئی ( پریس نوٹ)دارالخیر چاند باغ، دہلی میں جماعتِ اسلامی ہند مصطفیٰ آباد یونٹ کی جانب سے ’’رسولؐ کا پیغام انسانیت کے نام‘‘ کے عنوان سے ایک اہم سماجی و اصلاحی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں مقامی باشندوں کے ساتھ برادرانِ وطن کی بھی بڑی تعداد شریک رہی۔ پروگرام کا مقصد سیرتِ رسول اکرم ؐ کی روشنی میں محبت، رواداری، انصاف اور انسانیت کے آفاقی پیغام کو عام کرنا اور موجودہ حالات میں معاشرے کو امن و ہم آہنگی کی طرف راغب کرنا تھا۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر مجاہد الاسلام کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے قرآن مجید کو انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات پوری دنیا کے لیے رحمت اور خیرخواہی کا پیغام ہیں۔ ان کے مطابق سیرتِ نبوی ؐ پر عمل ہی وہ راستہ ہے جو فرد اور معاشرے کو کامیابی، سکون اور اخلاقی بلندی تک پہنچاتا ہے۔
مہمان خصوصی ماسٹر عبدالقادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام انسان ایک ہی اصل سے پیدا کیے گئے ہیں، اسی لیے دنیا کے تمام افراد ایک دوسرے کے بھائی ہیں۔ انہوں نے اتحاد و اخوت کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اونچ نیچ، نفرت اور تفریق کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ مذہب کی حقیقی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نفرت کا جواب صرف محبت، بھلائی، انصاف اور بہترین اخلاق سے دیا جا سکتا ہے، اور یہی اسلام کا بنیادی پیغام ہے۔
پروگرام میں ماسٹر دیپک، ماسٹر راجکمار، ارسلان اور ریاض احمد سمیت دیگر افراد نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے اور اس طرح کے پروگراموں کو قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
