Skip to content
آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مدارس کے استحکام کے لئے متحدہ جدوجہد کی ضرورت
18/جون کو ریاستی رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ کے تحت ضلعی و ریاستی اراکین عاملہ، نظمائے مدارس و ذمہ داران کا خصوصی اجلاس
ریاستی اراکین عاملہ کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد،21مئی(پریس ریلیز)
موجودہ ملکی و ملی حالات میں تمام ذمہ دران مدارس کو چاہیے کہ وہ مدرسہ کے داخلی و خارجی نظام کو صاف شفاف بنانے کی طرف توجہ دیں۔تعلیم، تربیت اور انتظامات کو معیاری بنانے کے لئے عملی جدوجہد نہایت ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار آج بتاریخ 18/مئی بروز پیر ریاستی رابطۂ مدراس اسلامیہ عربیہ تلنگانا شاخ دار العلوم دیوبند کے صوبائی اراکین عاملہ کے اجلاس میں حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم صدر رابطۂ مدارس نے کیا مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تمام ذمہ دران مدارس کو چاہیے کہ وہ مدارس کے استحکام کے لئے کل ہند رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ دار العلوم دیوبند کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا حصہ بنے۔
موجودہ ملکی حالات میں رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ ملک بھر کے مدارس میں معیار تعلیم میں یکسانیت و استحکام اور مدارس کی سرگرمیوں کو ملکی قوانین کے مطابق کرنے کی انتھک جدوجہد کر رہاہے، ارباب مدارس سے بارہا یہ گزارش کی جارہی ہے کہ مدارس کے نظام میں معیار اور حسابات میں شفافیت کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔
اراکین عاملہ کے اس مشاورتی اجلاس میں رابطہ تحت منعقد کئے گئے حفظ کے مدارس کے طلباء کے کامیاب اجتماعی امتحان کا جائزہ لیا گیا، واضح رہے کہ ریاست تلنگانا میں پہلی بار سال گزشتہ 220 مدارس کے تقریبا ساڑھے پانچ ہزار طلباء نے رابطہ کے تحت اجتماعی امتحان میں شرکت کی، تقریبا سبھی مدارس کے طلباء نے عمدہ مظاہرہ پیش کیا، اراکین عاملہ نے اجتماعی امتحان کے سلسلہ میں موصول ہونے والی متعدد تجاویز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور ائندہ اجتماعی امتحان کے لئے منظم لائحۂ عمل تیار کیا، اس اجلاس میں صدر رابطۂ مدارس نے اراکین عاملہ کے درمیان اجتماعی امتحانات کے ضمن میں آمد و صرف کے حسابات کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا۔
اجلاس کا سب سے اہم ایجنڈہ ریاستی رابطہ کے تحت اجلاس عام کا انعقاد تھا، جس کے سلسلہ میں یہ طئے پایا کہ 18/جون بروز جمعرات رابطہ کے تحت دو پروگرام ہوں گے، صبح دس بجے تا ظہر-ریاستی رابطہ کے تمام اراکین عاملہ، ضلعی اراکین عاملہ، نظمائے مدارس، ذمہداران مدارس کا ایک اہم تربیتی پروگرام ہوگا، جس میں ان شاء اللہ دار العلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم صدر کل ہند رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ شرکت کریں گے نیز اسی دن بعد نماز مغرب ایک عمومی اجلاس بھی منعقد ہوگا جس کی تفصیلات ان شاء اللہ عنقریب جاری کی جائے گی۔
اس اجلاس میں حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب صدر ریاستی رابطۂ مدارس اسلامیہ عربیہ تلنگانا کے علاوہ حضرت مولانا غوث رشیدی صاحب حیدرآباد، حضرت مولانا قطب الدین صاحب حیدرباد، مولانا خضر احمد صاحب قاسمی نظام آباد، مولانا حافظ فہیم الدین منیری صاحب کاماریڈی، مولانا زکریا صاحب ورنگل، نمائندہ مولانا مفتی سعید المظفر اطہر صاحب سریاپیٹ، نمائندہ مولانا مفتی اسلم سلطان صاحب قاسمی سنگاریڈی، نمائندہ مولانا جاوید صاحب میدک، نمائندہ حضرت مولانا احسان الدین صاحب قاسمی نلگنڈہ، مولانا عبدالقادر فرید صاحب قاسمی بھونگیر، مفتی مشکور صاحب منچریال، نمائندہ مفتی عبدالغنی صاحب بھینسہ، نمائندہ حضرت مولانا امیر اللہ خان صاحب قاسمی محبوب نگر مولانا عامر عتیق صاحب حیدرآباد اراکین عاملہ ریاستی رابطۂ مدارس اسلامیہ اور مولانا زکریا فہد قاسمی نائب ناظم تجوید القرآن عنبرپیٹ، مفتی عبدالرحمن محمد میاں قاسمی نائب ناظم مدارس سبیل الفلاح ٹرسٹ نے شرکت کی مولانا سمیع الدین صاحب حسامی ناظم عمومی ریاستی رابطۂ مدراس اسلامیہ عربیہ تلنگانا نے اجلاس کی کاروائی چلائی۔
حضرت مولانا مفتی تجمل حسین صاحب قاسمی، مفتی مظہر صاحب قاسمی کورٹلہ، مفتی جلال الدین صاحب قاسمی کھمم، مولانا مقصود احمد طاہر صاحب رنگاریڈی بوجہ سفر حج اور مفتی غیاث الدین صاحب رحمانی، مولانا احمد عبید الرحمٰن اطہر صاحب ندوی، مولانا مفتی ابو عبید قاسمی کشٹا پور نے بوجہ مصروفیت اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔
اجلاس کے انتظامات مفتی عبد الملک انس صاحب، مولانا عبد الباقی اویس صاحب اور مولانا عبد الرحمٰن صاحب منتظم دفتر رابطۂ مدراس نے بحسن خوبی انجام دیئے۔
تمام حاضرین رابطہ کے مقاصد میں حسن تعاون کی پیشکش کی اور صدر محترم کی دعاء سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
Post Views: 34