Skip to content
ڈاکٹر عمار رضوی کی دہلی میں اہم سیاسی و قومی شخصیات سے ملاقاتیں
سابق نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری اور نسیم زیدی سے اہم تبادلۂ خیال، محسنہ قدوائی کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت
لکھنؤ (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اتر پردیش اور آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے نئی دہلی کے دورے کے دوران ملک کی کئی اہم شخصیات سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے سابق نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر کے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، قومی یکجہتی، ترقیاتی امور اور بین الاقوامی حالات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ حامد انصاری ملک کے دو مرتبہ نائب صدر رہ چکے ہیں اور وہ آل انڈیا فارن سروس کے سینئر ترین افسران میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں ہندوستان کا نقطۂ نظر مؤثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا، خصوصاً مسئلہ کشمیر پر ہندوستانی مؤقف کو مضبوطی سے اجاگر کرنے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب، ایران، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں بطور سفیر نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حامد انصاری علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے بھی خاصے مقبول رہے۔ ملاقات کے دوران حامد انصاری نے کہا کہ موجودہ وقت میں تمام اہل وطن کو متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ ڈاکٹر عمار رضوی نے اس ملاقات کو نہایت مفید اور کامیاب قرار دیا۔
اپنے دہلی دورے کے دوران ڈاکٹر عمار رضوی نے سابق چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر نسیم زیدی نے چیف الیکشن کمشنر اور شہری ہوابازی کے سکریٹری کی حیثیت سے ملک کی اہم خدمات انجام دی ہیں۔ ملاقات میں انتظامی امور، جمہوری نظام اور ملکی حالات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے بھارت سرکار کی سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریسی رہنما مرحومہ محسنہ قدوائی کی رہائش گاہ پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت بھی پیش کی۔ اس موقع پر ان کی صاحبزادی سیما قدوائی، رازی قدوائی اور عمران قدوائی سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ مرحومہ محسنہ قدوائی نہایت سادہ مزاج، باصلاحیت اور عوامی رہنما تھیں۔ انہیں بہوگنا کی کابینہ میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت کابینہ میں 12 وزراء شامل تھے جن میں نارائن دت تیواری بھی موجود تھے، اور موجودہ وقت میں اس دور کے وزراء میں وہ خود ہی حیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسنہ قدوائی اتر پردیش کانگریس کی صدر رہیں اور مرکز میں طویل عرصے تک وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ریلوے سمیت کئی اہم وزارتوں کی ذمہ داری انہوں نے بخوبی نبھائی۔ ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک خصوصاً اتر پردیش ایک مقبول اور تجربہ کار خاتون رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبہ نشر و اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔
Post Views: 9