Skip to content
دہلی: سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی گارڈز کی بھرتی میں بے قاعدگی کا انکشاف
نئی دہلی ، 23جولائی ( آئی این ایس انڈیا)
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے پیر کو دہلی حکومت سے متعلق اسکیم میں ایک کیس درج کیا ہے۔ یہ معاملہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی فراہم کرنے سے متعلق ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔کمپنی پر دہلی حکومت کے افسران کے ساتھ ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ان پرائیویٹ سکیورٹی اداروں نے سرکاری اہلکاروں کے ساتھ مل کر سکیورٹی اہلکاروں کے جعلی بل جاری کر کے سرکاری خزانے کو لوٹا ہے۔
سیکورٹی کمپنیوں کے ذریعہ جی ٹی بی، راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی اسپتال، ایس ڈی این اسپتال، ڈاکٹر بھیم راؤ اسپتال، ہندو راؤ اسپتال سمیت کئی دیگر سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی گارڈز تعینات ہیں۔ اس کے لیے دہلی حکومت کی جانب سے کمپنیوں کو ادائیگی کی جاتی ہے۔ سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کے لیے حکومت کی جانب سے باقاعدہ ٹینڈر جاری کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد سکیورٹی کمپنیوں کو اسپتال کی سکیورٹی سونپ دی جاتی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ٹینڈر جاری کرنے میں بے قاعدگی کی گئی ہے۔
اے سی بی کے مطابق ایک ہی پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی میں کام کرنے والے دو سیکورٹی اہلکاروں نے جانچ ایجنسی سے شکایت کی تھی کہ سیکورٹی ایجنسی اس گھوٹالے میں دہلی حکومت کے افسران کے ساتھ شامل ہے۔ الزام ہے کہ دہلی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں تعینات ایک ہی سیکورٹی اہلکاروں کو دکھا کر حکومت سے رقم وصول کی جارہی ہے۔ کئی اسپتالوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد سے زیادہ تعداد میں جعلی بل ادا کیے گئے۔
اس کے علاوہ نااہل امیدواروں کی بھرتی کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔ ای ایس آئی اور پراویڈنٹ فنڈ کے فرضی دعووں کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہاں تک کہ سرکاری اسپتالوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی نوکریوں کے نام پر رشوت لینے کے الزامات بھی ہیں۔ دہلی حکومت کے افسران پر سب کچھ جاننے کے باوجود پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی کے فرضی بل پاس کرنے کا الزام ہے۔
Like this:
Like Loading...