Skip to content
تاج انکلیو میں جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام خواتین کا تربیتی اجتماع
تزکیہ قرآن اور حضرت ابراہیمعلیلہ السلام کے واقعہ پر خطاب، سوال و جواب کا خصوصی سیشن
نئی دہلی،یکم جون (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی ہند لکشمی نگر یونٹ کے زیر اہتمام مسجد تاج انکلیو، گیتا کالونی دہلی میں خواتین کے لیے ایک دینی و اصلاحی اجتماع منعقد ہوا، جو سہ پہر 3 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔ پروگرام میں 40 سے زائد خواتین نے شرکت کی اور بھرپور دلچسپی کے ساتھ مختلف سیشنز میں حصہ لیا۔
مرکز جماعت اسلامی ہند سے اسسٹنٹ سیکرٹری محترمہ سعیدیہ شبیبی نے تزکیہ قرآن مجید کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے واقعہ کو بطور سبق پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب حضرت ابراہیم نے رات میں چاند کو دیکھا اور پھر اسے ڈوبتے دیکھا تو انہوں نے فرمایا کہ یہ خدا نہیں ہوسکتا، اسی طرح انہوں نے مختلف چیزوں کا مشاہدہ کرکے حق کی تلاش کی اور آخرکار اللہ رب العزت کی وحدانیت کو پہچانا۔ محترمہ سعیدیہ شبیبی نے اس واقعہ کو ایمان کی مضبوطی، غور و فکر اور حق کی جستجو کا عظیم نمونہ قرار دیا۔
پروگرام میں سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی رکھا گیا جس میں خواتین نے دینی و فکری سوالات کیے۔ ایک خاتون نے سوال کیا کہ کیا انبیاء کرام بھی اس طرح کنفیوڑن میں مبتلا ہو سکتے ہیں؟ اس کے جواب میں بتایا گیا کہ حضرت ابراہیم? کو اس وقت ابھی نبوت عطا نہیں ہوئی تھی، بلکہ اللہ تعالیٰ جب کسی کو نبوت عطا فرماتا ہے تو اس سے پہلے اس کے دل میں مختلف سوالات اور غور و فکر کے مراحل پیدا ہوتے ہیں تاکہ حق پوری وضاحت کے ساتھ سامنے آجائے۔
بعد ازاں محترمہ نزہت یاسمین نے حضرت ابراہیم? کی قربانی اور اطاعتِ الٰہی کے واقعات پر تفصیلی خطاب کیا۔ پروگرام کی نظامت محترمہ شاہدہ پروین نے انجام دی اور اختتام پر دعائیہ کلمات بھی پیش کیے۔ اجتماع کے انعقاد میں رکن جماعت واثق امام نے اہم کردار ادا کیا۔ شرکاء نے پروگرام کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے ایسے اجتماعات کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔
Post Views: 18