طولکرم کیمپ پر اسرائیلی فوجی ٹینکوں کی چڑھائی، پانچ فلسطینی شہید
رملہ ، 23جولائی ( آئی این ایس انڈیا)
اسرائیلی قابض فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں طلوع آفتاب سے پہلے ہی دو خواتین سمیت پانچ فلسطینیوں کو قتل کر دیا۔ اس امر کا اظہار فلسطینی حکام کی طرف سے کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے یہ کارروائیاں طولکرم میں قائم پناہ گزین کیمپ پر کی ہیں۔ طولکرم کا یہ علاقہ مغربی کنارے میں شمال کی طرف واقع ہے۔مغربی کنارے میں عوامی کمیٹی کے سربراہ فیصل سلامہ ایک سرگرم کارکن کے طور پر طولکرم میں موجود ہیں اور انہوں نے ان تازہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ تاہم اسرائیل نے ابھی تک ان ہلاکتوں اور کارروائیوں کی تصدیق یا ان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق 30 سالہ فلسطینی کو اس کے پیٹ میں اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار کر نشانہ بنایا، اس کی رانوں اور ہاتھوں پر بھی فائر کیے گئے۔ اس طرح تین خواتین کو بھی گہرے زخم آئے ہیں۔ ایک خاتون کو ان کی آنکھ کے نزدیک گولی لگی ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق صبح سے بھی پہلے اسرائیلی فوج نے ٹینکوں اور دوسری گاڑیوں کے ساتھ طولکرم پناہ گزین کمپ پر چڑھائی کر دی۔ جبکہ کیمپ کے اندر بلاکس سے بنے مکانات کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔
اسرائیل طولکرم کے پناہ گزین کیمپ کو فلسطینی جنگجوؤں کا گڑھ قرار دیتا ہے۔ 7 اکتوبر کے بعد سے لے کر اب تک اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں اور پناہ گزین کیمپوں میں بیسیوں کارروائیاں کی ہیں اور اب تک 579 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ان فلسطینی شہداء میں ان فلسطینیوں کی تعداد بھی شامل ہے جنہیں مغربی کنارے کی یہودی بستیوں میں آباد کیے گئے یہودی آبادکاروں نے پرتشدد واقعات میں نشانہ بنایا۔