Skip to content
کا نوڑ یاترا میں ’نیم پلیٹ تنازعہ:
حمایت میں سپریم کورٹ میں ایک بار پھر عرضی دائر
نئی دہلی ،25جولائی ( آئی این ایس انڈیا)
ملک کی سیاست اس وقت کانوڑیاترا میں الجھی ہوئی ہے۔ فی الحال کانوڑ یاترا کے راستے پر دکانداروں کو نیم پلیٹ لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے نیم پلیٹ لگانے کی پابندی ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اب سپریم کورٹ میں نیم پلیٹ کی حمایت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو زبردستی فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خود کو اس معاملے میں فریق بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔مظفر نگر پولیس کی ہدایات کی حمایت کرتے ہوئے عرضی گزار سرجیت سنگھ یادو کا کہنا ہے کہ نیم پلیٹ لگانے کی ہدایات شیو بھکتوں کی سہولت، ان کے عقیدے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے دی گئی ہیں۔
عدالت میں دائر درخواستوں میں بغیر کسی وجہ کے اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر عدالت میں درخواست دائر کرنے والے دکاندار نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو اسے سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں۔ شیو بھکتوں کے بنیادی حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے عرضی گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ اسے اس معاملے میں فریق بنایا جائے اور ان کی بات سنی جائے۔سپریم کورٹ نے اس معاملے پر سماعت کے دوران کہا ہے کہ مذکورہ ہدایات پر عمل درآمد روکنے کے لیے عبوری حکم جاری کرنا مناسب ہے۔
کھانا فروش، بشمول ڈھابہ مالکان، پھل فروشوں، ہاکروں کو کھانے کی قسم یا اجزاء ظاہر کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے، لیکن مالکان کی شناخت ظاہر کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ فی الحال سپریم کورٹ نے اتر پردیش اور اتراکھنڈ کی حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گزار دیگر ریاستوں کو شامل کرتے ہیں تو ان ریاستوں کو بھی نوٹس جاری کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے مظفر نگر پولیس نے کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع تمام کھانے پینے والوں کو اپنے مالکان کے نیم پلیٹ لگانے کی ہدایت دی تھی۔ بعد میں، یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی اتر پردیش حکومت نے اس حکم کو پوری ریاست میں نافذ کیا۔
اتراکھنڈ حکومت نے بھی اس سلسلے میں حکم جاری کیا تھا۔ یوگی حکومت کے اس اقدام کی نہ صرف اپوزیشن بلکہ این ڈی اے کے اتحادیوں جے ڈی (یو) اور آر ایل ڈی سمیت دیگر جماعتوں نے بھی تنقید کی تھی۔اپوزیشن نے الزام لگایا تھا کہ یہ حکم فرقہ وارانہ اور تفرقہ انگیز ہے اور اس کا مقصد مسلمانوں اور درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کو اپنی شناخت ظاہر کرنے پر مجبور کرکے انہیں نشانہ بنانا ہے۔ تاہم، اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں برسراقتدار بی جے پی نے کہا تھا کہ یہ قدم امن و امان کے مسائل اور یاتریوں کے مذہبی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
Like this:
Like Loading...