Skip to content
دھنی پور مسجد: ایودھیا کی زمین پر دہلی کی خاتون کا تعجب خیز دعویٰ
نئی دہلی،29جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
دہلی کی ایک خاتون نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ خاتون نے کہا کہ رام جنم بھومی بابری مسجد کیس میں سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کے لیے مختص زمین ان کے خاندان کی ہے اور وہ اس کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔مسجد کمیٹی نے خاتون کا دعویٰ مسترد کر دیا۔تاہم مسجد کی تعمیر کے لیے بنائے گئے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے سربراہ ظفر فاروقی نے خاتون کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دعووں کو الہ آباد ہائی کورٹ نے 2021 میں ہی مسترد کر دیا تھا۔
سنی سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر فاروقی نے کہا کہ مسجد کی تعمیر سمیت پورے پروجیکٹ پر کام اس سال اکتوبر سے شروع ہوگا۔دہلی کی رہائشی رانی پنجابی کا دعویٰ ہے کہ سپریم کورٹ کے 2019 کے حکم کے بعد ایودھیا کے دھنی پور گاؤں میں انتظامیہ کی طرف سے سنی سنٹرل وقف بورڈ کو دی گئی پانچ ایکڑ زمین ان کے خاندان کی 28.35 ایکڑ زمین کا حصہ ہے۔ رانی نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ان کے پاس ملکیت کے تمام دستاویزات ہیں اور وہ اسے حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔
رانی کے مطابق اس کے والد گیان چند پنجابی کو تقسیم کے بعد پنجاب چھوڑ کر پاکستان جانا پڑا اور فیض آباد (موجودہ ضلع ایودھیا) چلا گیا، جہاں انہیں زمین کے بدلے 28.35 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان نے 1983 تک زمین کاشتکاری کے لیے استعمال کی۔ اس کے بعد ان کے والد کی طبیعت بگڑ گئی اور اہل خانہ ان کے علاج کے لیے دہلی آئے۔خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد سے زمین پر دھیرے دھیرے قبضہ کیا گیا ہے۔ رانی کا کہنا ہے کہ انہیں مسجد کی تعمیر پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن وہ چاہتی ہیں کہ انتظامیہ ان کے ساتھ انصاف کرے۔ اسلام میں کسی متنازعہ زمین پر مسجد بنانا جائز نہیں۔
تاہم، ظفر فاروقی نے کہا،‘‘اس منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ جہاں تک زمین پر خاتون کے دعوے کا تعلق ہے، الہ آباد ہائی کورٹ نے اسے 2021 میں ہی مسترد کر دیا ہے۔ کچھ معمولی مسائل ہیں جنہیں حل کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اکتوبر تک اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔ بورڈ کے سابقہ بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ مسجد اور دیگر عمارتوں کی تعمیر اس سال مئی سے شروع ہو جائے گی، ظفر فاروقی نے کہا کہ ہاں، کچھ تاخیر ہوئی ہے کیونکہ پورے منصوبے کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ، فنڈز جمع کرنے کے لیے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ سرٹیفکیٹ ابھی تک موصول نہیں ہوا ہے۔پراجیکٹ کنسٹرکشن کمیٹی کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ رانی پنجابی سے ان کے دعوے کے حوالے سے متعدد بار ملے ہیں اور انہیں بتایا ہے کہ متنازعہ زمین پر مسجد بنانا اسلام میں جائز نہیں ہے۔ اگر اس کے پاس اپنے دعوے کی تائید کے لیے ٹھوس ثبوت ہوتے تو اسے پیش کرنا چاہیے تھا ؛لیکن وہ ایسا نہیں کر سکی۔
خیال رہے کہ 9 نومبر 2019 کو دیے گئے تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے متنازعہ رام جنم بھومی-بابری مسجد والی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کا حکم دیا تھا، جبکہ ایودھیا میں ایک اہم مقام پر مسلمانوں کو پانچ ایکڑ زمین دینے کا حکم دیا تھا۔ مسجد کی تعمیر کے لیے حکومت کے حکم پر ایودھیا ضلع کے روناہی کے دھنی پور گاؤں میں سنی سنٹرل وقف بورڈ کو زمین الاٹ کی گئی۔
مسجد کی تعمیر کے لیے بنائے گئے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے بھی دی گئی زمین پر مسجد کے ساتھ اسپتال، کمیونٹی کچن، لائبریری اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ توقع تھی کہ رام مندر کے ساتھ مسجد کی تعمیر بھی مکمل ہو جائے گی،تاہم یہ مسجد اپنی تعمیر کے انتظار میں ہے۔
Like this:
Like Loading...