Skip to content
اسرائیل کے لئے ایئرانڈیا کی تمام فلائٹس معطل
نئی دہلی، 2 اگست (آئی این ایس انڈیا )
ایران میں حماس کے سرکردہ رہنما اسماعیل ھنیہ کے قتل کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ ایران نے ہانیہ کی موت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔ ایسی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے ہندوستان اور اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے درمیان چلنے والی فلائٹ سروسز کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایئر انڈیا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، مغربی ایشیا کی صورتحال کے پیش نظر، ہم نے تل ابیب کے لیے مجوزہ آپریشن کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تل ابیب جانے والی ایئر لائنز کو فی الحال 8 اگست 2024 تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ائیر انڈیا نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ جن مسافروں نے اس مدت کے دوران اپنے ٹکٹ بک کرائے ہیں اگر وہ دوبارہ ٹکٹ بک کرتے ہیں تو انہیں ایک بار کی چھوٹ اور کینسلیشن چارجز سے ریلیف دیا جائے گا۔مسافروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز ایران میں حماس کے سرکردہ رہنما اسماعیل ہانیہ کو قتل کر دیا گیا تھا۔ حماس نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا۔ ساتھ ہی ایران نے اسرائیل کو حملے کی دھمکی بھی دی۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے بھی کہا ہے کہ وہ ایران کو سخت جواب دے گا۔
اسماعیل ہانیہ کی موت سے ایک روز قبل لبنان کے شہر بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا ایک اعلیٰ کمانڈر مارا گیا تھا۔ جس پر حزب اللہ نے اسرائیل کو انتقام کی دھمکی بھی دی ہے۔حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے بھی شروع کر دیے ہیں۔ اسرائیل حماس جنگ کی وجہ سے مغربی ایشیا میں پہلے ہی کشیدگی بڑھ چکی ہے لیکن اب تازہ ترین پیش رفت کے باعث کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ اب پورے مغربی ایشیا میں پھیل سکتی ہے۔
Like this:
Like Loading...