Skip to content
ریزرویشن پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف دلت متحرک، بھارت بند کی اپیل
نئی دہلی ، 5اگست ( آئی این ایس انڈیا )
ریزرویشن پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دلتوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور سوشل میڈیا پر 21 اگست کو ’بھارت بند‘ کی اپیل کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ’#21_اگست_بھارت_بند‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ دلت تنظیموں اور دلت رہنماؤں کا ماننا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ امتیازی ہے پورے ملک کے دلت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔
گزشتہ جمعرات کو دیئے گئے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے ریاستوں کو ایس سی-ایس ٹی ریزرویشن میں ذیلی زمرے بنانے کا حق دیا تھا۔عدالت نے ایس سی-ایس ٹی ریزرویشن میں کریمی لیئر اصول کو لاگو کرنے کو بھی کہا تھا۔اس سے پہلے دلتوں نے 2 اپریل 2018 کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے خلف بھارت بند کا انعقاد کیا تھا، جو کامیاب رہا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ایس سی-ایس ایس ٹی کمیونٹی کے لوگوں نے اس بند کا اہتمام کیا تھا۔ دراصل، سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل پر مظالم کی روک تھام ایکٹ-1989 میں کچھ تبدیلیاں کر دی تھیں، جس پر دلت ناراض ہو گئے تھے۔ اس بند میں کئی مقامات پر تشدد بھی دیکھا گیا تھا اور کئی لوگوں کی جانیں بھی گئی تھیں۔اس بند کے بعد حکومت نے آئین میں ترمیم کی اور سپریم کورٹ کے ذریعہ ایس سی -ایس ٹی ایکٹ میں کی گئی تبدیلیوں کو غیر مؤثر کر دیا۔
ایک بار پھر دلت تنظیموں نے ‘بھارت بند’ کی اپیل کی ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کس تنظیم نے اس کے لیے اپیل کی ہے۔ ایکس پر ’لاجیک جرنی‘ نامی ہینڈل سے اس ہیش ٹیگ کی حمایت میں کئی پوسٹ کی گئی ہیں۔ ایک پوسٹ میں لکھاکہ ،ایس سی-ایس ٹی زمروں میں ذیلی زمرہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف 21 اگست کو پرامن بھارت بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
Like this:
Like Loading...