Skip to content
Al Hilal Media.

Al Hilal Media.

Editor : Maqsood Yamani

Menu
  • اہم خبریں
  • قومی خبریں
  • بین الاقوامی
  • عالم عرب
  • مضامین
  • اسلامیات
  • حیدرآباد
  • کھیل و تفریح
  • مذہبی خبریں
  • ہمارے بارے میں
  • Advertisement
Menu
thousands-of-people-performed-friday-prayers-in-faisal-mosque-under-the-leadership-of-imam-masjid-nabawi

امام مسجد نبوی کی امامت میں فیصل مسجد میں ہزاروں افراد کی نماز جمعہ کی ادائیگی

Posted on 10-08-2024 by Maqsood

امام مسجد نبوی کی امامت میں فیصل مسجد میں ہزاروں افراد کی نماز جمعہ کی ادائیگی

 

اسلام آباد،۱۰؍اگست( آئی این ایس انڈیا )

 

پاکستان کے خصوصی دورے پر آئے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مسجد نبوی کے امام کی امامت میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے پاکستان کے کئی شہروں سے ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر فیصل مسجد پہنچے تھے۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد نماز جمعہ کے وقت سے پہلے ہی مسجد پہنچ گئی تھی۔ جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرنے عالم اسلام اور پاکستان کے لیے بالخصوص ترقی، خوشحالی اور سلامتی کی دعا مانگی۔ امام مسجد نبوی نے اپنے خطبے میں اسلامی شعائر کی تکمیل، مسلمانوں کی بھلائی، تعمیر و ترقی، خوشحالی اور تحفظ پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر کئی زعما بھی موجود تھے۔نماز جمعہ کے بعد کئی افراد نے امام مسجد نبوی سے ملاقات اور ان سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی۔نماز جمعہ کے موقع پر حکومت نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے تھے اور مسجد کے اندر اور باہر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔مسجد کو جانے والے راستے پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے بھی کئی اہلکار تعینات تھے تاہم نمازیوں کی کثیر تعداد کی وجہ سے ٹریفک جام رہی۔

مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی امامت میں نماز ادا کرنے کے لیے پشاور سے خصوصی طور پر اسلام آباد آنے والے عزت اللہ نے بتایا کہ ان کی شدید خواہش تھی کہ وہ مسجد نبوی یا خانہ کعبہ کے امام کی امامت میں نماز ادا کریں اور آج الحمد للہ یہ خواہش آج پوری ہو گئی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے مواقع بار بار پیدا کرنے چاہیے۔ قبل ازیں ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ پارلیمنٹ کی کارروائی دیکھی۔

امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پہنچے تو چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔اس موقعے پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔

اس کے بعد ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔مسجد نبوی کے امام سات روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔اس دوران وہ اعلیٰ حکومتی شخصیات، سیاستدانوں، علما اور سماجی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Cont: +91 99855 61218

Like Us On Facebook

Facebook Pagelike Widget

اشتہارات

مضمون نگار کے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

©2025 Al Hilal Media. | Built using WordPress and Responsive Blogily theme by Superb