Skip to content
آسام: نابالغ کی عصمت ریزی،عوام کا شدید احتجاج،سی ایم سرما نے کی مذمت
گوہاٹی، 23اگست ( آئی این ایس انڈیا )
کولکاتہ کے ایک سرکاری اسپتال میں ایک خاتون ٹرینی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف مغربی بنگال اور ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ ادھر آسام کے ناگون میں تین لوگوں نے 14 سالہ لڑکی کی عصمت دری کی۔ اس واقعہ کے بعد پورے ضلع میں کہرام مچ گیا۔ مقامی لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ پولیس نے اس واقعہ کی اطلاع دی۔ یہ واقعہ جمعرات کو ڈھنگ علاقے میں پیش آیا۔ نابالغ شام کو ٹیوشن پڑھ کر گھر لوٹ رہی تھی۔
مقامی لوگوں نے لڑکی کو سڑک کے کنارے بے ہوش پایا۔ اس نے فوری طور پر پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ چیف منسٹر ہمانتا بسوا سرما نے سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ نابالغ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے دو افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ فی الحال دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ملزمان کو سزا دلانے کے لیے احتجاج شروع کر دیا۔
دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ سماجی اور سیاسی اداروں نے مجرموں کو سزا دینے اور خواتین کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ علاقے میں کشیدہ ماحول کو دیکھ کر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ ڈھنگ پہنچے۔چیف منسٹر ہمانتا بسوا سرما نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ سی ایم سرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ڈھنگ میں ایک ہولناک واقعہ، جس میں ایک نابالغ شامل ہے۔
یہ انسانیت کیخلاف جرم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی کو نہیں بخشیں گے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ میں آسام پولیس کے ڈی جی پی کو حکم دیتا ہوں کہ وہ ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کریں۔
Like this:
Like Loading...