Skip to content
علامہ دلاور حسین سعیدیؒ- جرأت وبہادی کی علامت…
ترتیب: عبدالعزیز
’’ ایک دن آئے گا جب کہا جائے گا کہ علامہ دلاور حسین سعیدیؒ آج دنیا میں نہیں رہے، اس طرح میں تاریخ کے صفحات میں گم ہو جاؤں گا،اے اللہ؛ اے رب العزت! اے رب کریم ! میں تجھ سے اس کے سوا کچھ نہیں چاہتا صرف یہ چاہتا ہوں کہ روز قیامت تو مجھ سے یہ کہہ دے کہ’’ میں نے تجھے معاف کردیا‘‘ یہ وہ الفاظ ہیں جسے مولانا سعیدی صاحب نے اپنی زندگی میں زار و قطار روتے اور گڑ گڑاتے ہوئے ادا کیے تھے آج بنگلہ دیش کے کو نے کونے میں لوگ سن رہے ہیں اور مولانا ئے محترم کو دعائیں دے رہے ہیں۔ مولانا تیرہ سال تک حسینہ واجد کی جیل میں رہے، زندگی کی مشقتوں کو روز وشب برداشت کرتے رہے۔ پہلے حسینہ کے بے ایمان ججوں نے مولانا کو حسینہ کی ظالم وجابر حکومت کے سامنے سر نہ جھکانے پر موت کی سزا سنائی اور جب دنیا بھر میں پر زور مخالفت ہوئی تو سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔
مولانا نے تیرہ سال جیل کی مشکل ترین وپریشان کون زندگی گزاری۔ جیل ہی میں وقت موعود آن پہنچا، دنیا کو جیل ہی میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خیر باد کہا اور شہادت کی موت نصیب ہوئی: یہ رتبہ بلند ملا جس کو مل گیا۔ ہر مدعی کے واسطے دار و رسن کہاں ۔ مولانا نے ایک جلسہ عام میں بیس سال پہلے کہا تھا ’’ آج تم بڑے بڑے عالموں اور مجاہدوں کو اور مصلیو ں کو جیل میں ڈال رہی ہو ایک دن بہت جلد آئے گا تمہیں بنگلہ دیش کی سر زمین پر رہنا نصیب نہیں ہوگا تمہیں دہلی میں رہنا پڑے گا، کسی اور جگہ شاید ہی اماں ملے ‘‘۔ مولانا موصوف کی پیش گوئی سچ ثابت ہو رہی ہے یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہاہے۔ اللہ کے مومن بندوں کے منہ سے نکلی ہوئی باتیں اکثر سچ ثابت ہوتی ہیں۔ اللہ کے نیک بندوں کی نظر وں میں بلا کا کرشمہ ہوتا ہے۔ علامہ اقبالؒ نے کیا خوب کہا تھا:
’کیا کوئی کر سکتا ہے اس کے زور بازو کا اندازہ … نگاہ مرد مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں‘
مفسر قرآن مولانا دلاور حسین سعیدی اکثر کہا کرتے تھے کہ ’’میں لوگوں کو دین کی دعوت دوں اور مجھے اس کی پاداش میں پتھر کے بجائے مٹھائیاں یا تحفے تحائف ملیں تو اس کا مطلب ہے میری دعوت ٹھیک نہیں ہے‘‘۔
مولانا سعیدیؒ کی شہادت کے بعد بہت سے مضامین اہل قلم اور اہل و دانش نے لکھے۔ اخبارات میں اکثر مضامین شائع ہوئے۔روزنامہ ’نوائے وقت‘ میں مشہور صحافی اور قلمکار جناب عمران ظہور غازی کا ایک مضمون شائع ہوا ہے جو ذیل کی سطروں میں دیا جارہا ہے۔
ایک اور سعید روح اور اطمینان بخش زندگی کشاں کشاں ا پنے رب کے حضور پہنچ گئی، یہ تھے علامہ دلاور حسین سعیدی جو سعادت کی زندگی گزار کر شہادت کی موت سے ہمکنار ہوئے، وطن کی محبت میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے کارکنان وقائدین نے وہ فرض ادا کئے جو ان پر واجب بھی نہ تھے۔ کہیں ڈگمگائے اور نہ جھکے نہ بکے۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے قائد، بین الاقوامی شہرت یافتہ عالم دین اور مفسر قرآن اور مصنف علامہ دلاور حسین سعیدی کوجیل میں ہارٹ اٹیک ہوا، ہسپتال لے جایا گیا مگر وقت رخصت آن پہنچا تھا اوروہ14اگست 23ء کو شام 8:40 بجے ڈھاکہ کے بنگلہ ہندو ہسپتال میں 83 سال کی عمر میں اپنے رب سے جا ملے۔ ان کا خلا مدتوں نہ پورا ہو پائے گا۔
وقت رخصت ان کا چہرہ اطمینان اور نورانیت، وقار ، جمال وجلال اور سکینت وطمانیت کا آئینہ دار تھا۔ انہوں نے اپنے بالکل آخری لمحات میں بھی جرأت وبہادری ، صبرواستقامت امید اور یقین کا درس دیا۔ فرماتے ہیں’’ مجھے جان سے دھمکانے کا فائدہ نہیں، میں ابراہیم کا جانشین ہوں جنہیں آگ میں ڈالا گیا تھا‘‘۔ بقول اقبال ؒ:
عذاب دانش حاضر سے باخبر ہوں میں… کہ میں آگ میں ڈالا گیا ہوں مثلِ خلیل
علامہ سعیدی 2 فروری 1940ء میں اندورکنی گاؤں ضلع فیروزپور میں پیدا ہوئے، ان کے والد گرامی یوسف سعیدی اپنے وقت کے معروف دینی اسکالر تھے۔ ان کی والدہ کا نام گلناربیگم تھا۔ ان کے چار بیٹے تھے۔ جن میں سے ایک ان کی زندگی میں فوت ہو گئے تھے۔
علامہ سعیدی نے پرائمری تعلیم اپنے والد سے ہی اپنے گاؤں کے مدرسہ میں حاصل کی جو انہوں نے خود قائم کر رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ اعلیٰ دینی تعلیم کے لئے سرسینا عالیہ مدرسہ میں داخل ہوئے، اور 1962ء میں فراغت کی سند حاصل کی۔ 1962ء میں دوبارہ داخل ہوئے جہاں سے انہوں نے اپنی دینی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 5سال مختلف زبانوں کو سیکھنے میں گزارے اور اس کے ساتھ ساتھ مذاہب، سائنس، سیاست، معاشیات، خارجہ امور، فزیالوجی جیسے دوسرے علوم اورنظریات کا مطالعہ کیا۔ مولانا سعیدی جیّد علماءؒ کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے،جو صوفیا کے سلسلے سہروردیہ سے وابستہ تھا۔ علامہ سعیدی نے پیری مریدی کاروایتی انداز ترک کرکے قرآن وسنت کی دعوت کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنالیا تھا۔ اور تمام عمر قرآن وسنّت کی تعلیمات عام کرنے اور اسلامی نظام کو غالب کرنے کیلئے کوشاں رہے۔ علامہ سعیدی1971ء میں جامعہ بنوریہ کراچی میں درس نظامی کی تکمیل کر رہے تھے، جماعت اسلامی میں شمولیت انہوں نے 1971ء کے واقعہ کے کئی سال بعد اختیار کی تھی۔ ان پر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے دیگر قائدین کی طرح پاکستان سے وفاداری نبھانے کا مقدمہ بنایا گیا تھا۔ علامہ سعیدی کا 1971ء کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں تھا، پھر بھی وہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی قیادت کی طرح کسی قسم کی معافی لینے کے حق میں تھے اور نہ جماعت سے اپنا تعلق ختم کرنے پر آمادہ وتیار۔
علامہ سعیدی خطابت میں کمال رکھتے تھے۔ ان کا شمار بنگلہ دیش کے بڑے خطباءؒ میں ہوتا تھا۔ سیرت اور تفسیر کے بڑے جلسوں میں بلا شبہ لاکھوں لوگ انہیں سننے آتے تھے۔ 35 سال تک مختلف مقامات پر 3 روزہ اور 5 روزہ دورہ تفسیر قرآن یا تفسیری محافل کرواتے رہے۔ ان کے ان تفسیری کورسز میں امام کعبہ بھی دو مرتبہ شریک ہوئے، دورہ تفسیر کے ان پروگرامات میں سینکڑوں لوگ اسلام قبول کرتے، سلہٹ ، راجشاہی کو میلا، بوگرہ اور ڈھاکہ شہر میں یہ پروگرامات طویل عرصے تک جاری رہے اور لاکھوں لوگوں نے ان پروگرامات سے فیض پایا اور اپنی زندگی بدلی ان کے ہاتھ پر600 سے زائد لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ ان پروگرامات میں جہاں عوام الناس جوق در جوق لاکھوں کی تعداد میں شرکت کرتے وہیں پر سرکاری اہل کار اور عوامی لیگ کے لوگ بھی شریک ہوتے۔ ان کا یہ دورۂ تفسیر اتنا متاثر کن، تلاوت وقرآن مسحورکن ہوتا کہ لوگ جھوم جھوم جاتے۔علامہ سعیدی کا یہ تفسیری پروگرام عوام الناس میں بہت مقبول تھا۔
انہوں نے 35 سال تک ہر سال حج کیا اس دوران 2 بار بطور شاہی مہمان فریضہ حج ادا کیا۔ وہ مسلسل 18 سال تک رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے کو مکہ ومدینہ میں گزارتے رہے۔
علامہ سعیدی کو’’ علامہ‘‘ کا لقب اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے 1991ء میں دیا۔ علامہ سعیدی 75 مختلف اسلامی سماجی اور عصری کتب کے مصنف تھے، جن میں ایک تفسیر بھی شامل ہے جو 4جلدوں پر مشتمل ہے جبکہ اس کے علاوہ عوامی سماجی موضوعات پر ہیں۔ وہ بنگلہ ، اردو، انگریزی اور عربی پر عبور رکھتے تھے۔سید مودودی ان کے پسندیدہ مصنّفین اور سیاسی قائدین میں شمار ہوتے۔
علامہ اقبالؒ ان کے پسندیدہ شعراء میں شامل تھے۔ علامہ اقبال کے اشعار ان کے نوک زبان رہتے جنہیں وہ اپنی گفتگوؤں اور خطبات میں کثرت کے ساتھ استعمال کرتے اور سماں باندھ دیتے تھے۔
اس عظیم داعی اسلام نے اپنی ساری زندگی فریضہ اقامت دین کے لیے جدوجہد کی۔ مشکلات اور اذیتوں سے گزرے مگر اپنے نظریات اور تحریک اسلامی سے وفاداری نبھائی۔1979ء میں وہ جماعت اسلامی سے وابستہ ہوئے، انہوں نے داعیانہ زندگی اختیار کی، دعوت الی اللہ اور فریضہ اقامت دین کو ا پنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔ وہ مولانا ابوالکلام یوسف کے خاص شاگردوں میں سے تھے اور انہی کی کوششوں سے جماعت میں آئے۔ اس دوران 50 سے زائد ممالک میں بطور مربّی مقرربلائے جاتے رہے۔ مختلف یونیورسٹیوں میں بطور مہمان اعزازبلایا جاتا اور ان کے لیکچر کروائے جاتے۔ ان ممالک میں افریقہ، ایشیا، یورپ ، امریکہ، آسٹریلیا اور دوسرے ممالک شامل تھے۔ 50 سالوں میں وہ دعوت دین کے کام سے ایک لمحہ کیلئے بھی غافل نہیں ہوئے حتیٰ کہ جیل کے دوران بھی انہوں نے دعوت الی اللہ اور فریضہ اقامت دین کی جدوجہد جاری رکھی۔وہ 1989ء میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بنے، پھر جماعت کی متعدد ذمہ داریوں پر فائز رہے۔ وہ آج کل بطور نائب امیرجماعت اسلامی بنگلہ دیش تھے۔ ان کا خواب تھا کہ سرزمین بنگلہ دیش اسلام کے نظام کا نفاذ ہو اور بنگلہ دیش اسلام کی برکات سے ہمکناراور فیض یاب ہو۔
ان کی سیاسی زندگی کا آغاز 1979ء میں ہوا جب وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ علامہ سعیدی 3 بار (1996-2008ء تک)12 سال ممبر پارلیمان رہے اس دوران ان کی کارکردگی مثالی رہی۔ پارلیمان میں وہ مذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین رہے، علامہ سعیدی فاؤنڈیشن کے چیئرمین تھے جو ایک رفاعی ادارہ تھا۔ جس کے تحت مساجد ، مدارس اور یتامیٰ کی مدد کی جاتی۔ علامہ سعیدی کا حلقہ ا نتخاب ہندوآبادی پر مشتمل تھا جہاں انہوں نے عوامی لیگ کے امیدوار کو شکست فاش دی۔ انہوں نے ممبر منتخب ہونے کے بعد پارلیمان میں داخل ہوتے ہوئے سر جھکانے سے انکار کیا اور اسے شرک کے مترادف قرار دیا۔ جس پر اسپیکر اسمبلی نے انہیں سرجھکائے بنا ہی اسمبلی میں آنے کی اجازت دی اور وہ السلام علیکم کہہ کر اسمبلی میں داخل ہوئے۔ انہوں نے مسلم ارکان اسمبلی کیلئے السلام علیکم اور غیرمسلموں کیلئے اپنے مذہب کے مطابق داخل ہونے کا بل پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا۔
پہلی بار 1995ء میں گرفتار ہوئے، دوسری بارگرفتاری 28 جون 2010ء کو عمل میں آئی ، وہ 2010ء سے حسینہ واجد کے نام نہادوارکرائم ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق سزائے موت کے قیدی کے طور پر جیل میں مقید تھے۔ ان پر 20 سے زائد مقدمات قائم کیے گئے تھے جو تمام کے تمام جھوٹ پر مبنی تھے ان پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے ہندوؤں کو جبراً مسلمان کیا اور 71ء? میں پاکستان آرمی کی مدد کی۔ قتل، زنا، آتش زنی اور لوٹ مار میں حصہ لیا تھا، دو سرے لوگوں کو ان کاموں پر اکسایا تھا۔ ان کے خلاف 28 جھوٹی شہادتیں اکٹھی کی گئیں ، ظلم وجور کے ساتھ 16 لوگ گواہی کیلئے تیار کئے گئے جن میں سے ایک سکھ رنجن پالی بھی تھا۔جسے رقم اور جائیداد کا جھانسہ دے کر گواہی کیلئے تیار کیا گیا تھا، مگر وہ اپنے ضمیر کے خلاف گواہی دینے پر خو د کو آمادہ نہ کر پایا۔ چنانچہ حکومت نے اسے غائب کردیا اور بعد میں بھارتی سرحدی پولیس کے حوالے کردیا۔
بھارت کے دباؤ پر حسینہ واجد کی بنائی عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی۔ اس پر ڈھاکہ شہر میں زبردست مظاہرے ہوئے اور200 سے زائد لوگ شہید ہوئے۔ ایسے مظاہرے 71ء میں بھی نہ دیکھنے میں آئے تھے۔ لہٰذا ان کی عوامی مقبولیت سے خائف ہو کر حکومت نے ان کی سزائے موت کو سزائے عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ وہ قید ی تھے مگر انسانیت سے محبت ، اخلاق نے انہیں ہردلعزیز بنا دیا تھا۔ عوام ان سے والہانہ محبت کرتے، جیل کا عملہ ڈیوٹی سے مجبور ہونے کے باوجود اس اللہ والے کیلئے دیدہ ودل فرش کرتا۔انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال جیل میں گزارے اس وقت ان کی عمر 83 سال کے لگ بھک تھی لیکن ان کی جرات و استقامت مثالی تھی۔
یہ شہادت گہ الفت میں قدم رکھنا …لوگ آساں سمجھتے ہیں مسلمان ہونا
بنگلہ دیش حکومت پر ان کی رہائی کے لئے جہاں بنگلہ دیشی عوام کا دباؤ تھا، وہیں پرسعودی عرب اور قطر کے علماء کا بھی دباؤ تھا لیکن شہادت کی سعادت ان کے حصے میں لکھی تھی۔وہ ثابت قدمی ، استقامت کا کوہ گراں ثابت ہوئے اور جیل سے اپنے رب کے حضور جا پہنچے۔
علامہ سعیدی عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہیں 14 اگست2023 ء کو 83 سال کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث بنگلہ ہندو میڈیکل یونیورسٹی میں انتقال ہوا۔ وہ قاسم پور سنٹرل جیل میں تھے جہاں سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ اپنے ہم فکر رفقاء اور عزیز واقارب کو دور سے دیکھ کر مسکرائے،انہیں ان سے ملنے کی اجازت نہ دی گئی مگر اسی شام جب دوسرا حملہ ہوا تو وہ جان لیوا ثابت ہوا۔ اس عالم میں بھی ا ن کی فیملی خاص طور پر بیوی اور بیٹوں کوبھی ان سے نہ ملنے دیاگیا۔ ان کی وفات کے بعد عوام الناس کی خواہش تھی کہ نماز جنازہ ڈھاکہ میں بھی ہو مگر اجازت نہ دی گئی۔ یہ حکومت کا خوف تھا جتنی حکومت ان کی زندگی میں خائف تھی اتنی بلکہ اس سے زیادہ ان کی میت سے خوف زدہ تھی۔
ان کی وفات کی اطلاع کو خفیہ رکھا گیا۔یہاں سے ان کی میت ایمبولینس کے ذریعے مکمل خاموشی کے ساتھ فیروزپور لائی گئی جہاں علامہ سعیدی فاؤنڈیشن گراؤنڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے مرکزی نائب امیر پروفیسر مجیب الرحمن نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ ایک اندازے کے مطابق ان کی نماز جنازہ میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے۔ لوگوں کاانبوہ کثیر تھا جو جنازہ کیلئے امڈآیاتھا۔ 8 سے 10 کلومیٹر تک لوگ ہی لوگ تھے جو اپنے محبوب قائد اور اللہ کے دین کے سپاہی کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے تھے۔ان کو ان کے بیٹے کے ساتھ ان کے خاندانی قبرستان فیروزپور میں تدفین کی گئی۔
علامہ سعیدی کی زندگی سعادت کی زندگی تھی اور موت شہادت کی موت قرار پائی، اللہ نے یہ مرتبہ بلند ان کی قسمت میں لکھا تھا اور وہ اس منصب پر فائز ہو گئے، ایسا مقام ومرتبہ ہر کس وناکس نہیں ملتا۔ یہ بلند مراتب اللہ کی دین ہیں۔
یہ رتبہ بلند ملا جس کو مل گیا…ہر مدعی کے واسطے دارورسن کہاں
اللہ اپنے بندے کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور جنت الفردوس کا اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اللہ ان کے اہل خانہ، خیر خواہوں اور دوست احباب کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین
E-mail:azizabdul03@gmail.com
Mob:9831439068
Like this:
Like Loading...