راہل گاندھی نے سی ایم یوگی کو لکھا خط.
کہا، راجن پاسی کے کلیدی قاتل وشال سنگھ کو ابھی تک کیوں نہیں گرفتار جا سکا.
نئی دہلی ، 29اگست ( آئی این ایس انڈیا )
انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما اورقائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقے میں ارجن پاسی کے قتل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے سی ایم کو ایک خط لکھ کر معاملے میں ملزم وشال سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جو بھی کارروائی کی جائے اس کے بارے میں انہیں بھی آگاہ کیا جائے۔راہل گاندھی نے ارجن پاسی کے کلیدی قاتل وشال سنگھ کی گرفتاری کے لیے خط لکھا ہے۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی تحفظ کی وجہ سے مرکزی ملزم کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
رکن پارلیمان نے کہا کہ دو ہفتے بعد بھی گرفتاری نہ ہونے سے دلت طبقہ میں خوف ہے۔انہوں نے لکھا کہ حال ہی میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد انہوں نے ڈی ایم-ایس پی سے بھی بات کی تھی۔ ایک انتہائی غریب استحصال زدہ دلت خاندان کو انصاف سے محروم کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
راہل نے لکھا کہ براہ کرم اس معاملے میں کی گئی کارروائی کی تفصیلات شیئر کریں۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ گزشتہ ہفتے جب میں متاثرہ خاندان کے گھر تعزیت کیلئے گیا تھا،تواہل خانہ نے واقعے کی جانکاری دی اور کہا کہ واقعے میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم واقعے کا مرکزی ملزم وشال ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکا ہے۔ اہل خانہ اور چھوٹے گاؤں والوں نے میرے نوٹس میں یہ بھی لایا کہ وشال سنگھ کو سیاسی تحفظ حاصل ہے جس کی وجہ سے اسے گرفتار نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد اسی دن میں نے مقامی ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کی اور واقعہ کے بارے میں بات چیت کی اور انہیں معاملے کی سنگینی سے بھی آگاہ کیا۔ واقعہ کے دو ہفتے گزرنے کے بعد بھی مرکزی ملزم کی گرفتاری نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ خاندان اور مقامی دلت برادری خوف اور عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
راہل نے سی ایم یوگی کو لکھا – آپ سے درخواست ہے کہ واقعہ کے مرکزی ملزم کو جلد از جلد گرفتار کریں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔ اس سلسلے میں کی گئی کارروائی کے بارے میں مجھے آگاہ کریں۔