Skip to content
بنگال:ایک بار پھر نابالغہ سے جنسی زیادتی،ہنگامہ،آراے ایف تعینات
کولکاتہ ، یکم ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
مغربی بنگال کے آر جی کار میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے کہ شمالی 24 پرگنہ میں ایک نابالغ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ نے کشیدگی پیدا کر دی ہے۔ حالات اس حد تک بگڑ گئے کہ مشتعل ہجوم نے مبینہ ملزم کے گھر اور اس کے رشتہ دار کی دکان پر حملہ کر دیا۔ صورتحال کے پیش نظر ریپڈ ایکشن فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں بیر بھوم ضلع میں بھی ایک اسپتال میں نرس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔
خبر کے مطابق، شمالی 24 پرگنہ کے راج باڑی علاقے میں ایک شخص نے نو سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ جیسے ہی لوگوں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ اس واقعہ پر لوگوں کا غصہ اس وقت بھڑک اٹھا جب مقامی ٹی ایم سی لیڈر نے مبینہ طور پر متاثرہ خاندان سے معاملہ طے کرنے کو کہا۔ مشتعل لوگوں نے ٹی ایم سی لیڈر کے گھر پر حملہ کر دیا۔اس کے بعد آر اے ایف نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔
اس دوران آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے گئے۔ متاثرہ کے والد کا کہنا ہے کہ ملزم ان کے گاؤں کا رہنے والا ہے۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ وہ ایسا کر سکتا ہے۔ میری بیٹی نو سال کی ہے اور وہ گھر سے میری دکان پر آئی تھی۔ اس دوران ملزم نے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔ میرا مطالبہ ہے کہ اسے سخت ترین سزا دی جائے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایک اور واقعہ میں بیر بھوم ضلع کے عالم بازار علاقے میں واقع ایک اسپتال میں نرس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ نرس کا الزام ہے کہ جب وہ اپنے معمول کے حصے کے طور پر مریضوں کا معائنہ کر رہی تھی تو ایک مریض نے اسے نامناسب طریقے سے چھوا تھا۔ اس پر نرس نے احتجاج کیا تو ملزم مریض نے نرس کے ساتھ بدتمیزی کی۔ نرس کی شکایت کے بعد پولیس نے ملزم مریض کو گرفتار کر لیا ہے۔
Like this:
Like Loading...