یوگی حکومت نے 2.5 ملازمین کی تنخواہیں روک لیں
لکھنؤ ،3ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
حال ہی میں یوپی کی یوگی حکومت نے تمام ملازمین سے مناو سمپدا پورٹل پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات دینے کو کہا تھا۔ سخت ہدایات کے باوجود 2,44,565 ریاستی ملازمین نے ابھی تک پورٹل پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات نہیں دی ہیں۔ حکومت نے ایسے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے ملازمین کی ماہ اگست کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔ معلومات کے مطابق، اب تک صرف 71 فیصد ملازمین نے پورٹل پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات درج کرائی ہیں۔ریاست کے چیف سکریٹری منوج کمار سنگھ نے ریاستی ملازمین کو مناو سمپدا پورٹل پر منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیلات 31 اگست تک لازمی طور پر جمع کرانے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے لیے ملازمین کو کئی بار یاددہانی بھی دی گئی ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی تمام ملازمین کو سخت ہدایات دی ہیں۔ اس کے بعد بھی تقریباً 30 فیصد ملازمین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔معلومات کے مطابق ریاستی حکومت کے محکموں میں کل 846640 ریاستی ملازمین ہیں۔ ان میں سے صرف 602075 اہلکاروں نے مناو سمپدا پورٹل پر اپنی جائیدادوں کی تفصیلات آن لائن درج کی ہیں۔ حال ہی میں جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تمام محکموں کے ملازمین کو آئی اے ایس اور پی سی ایس کی طرز پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات آن لائن دینا ہوں گی۔ تاہم، اس میں کارپوریشنوں اور خود مختار اداروں میں کام کرنے والے ریاستی اساتذہ اور ملازمین شامل نہیں تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین نے جائیداد کی تفصیلات آن لائن فراہم نہ کیں تو ان کی تنخواہیں جاری نہیں کی جائیں گی۔