آئی سی جی ہیلی کاپٹر کی بحیرۂ عرب میں ہنگامی لینڈنگ
ممبئی،3ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
ہندوستانی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کے ایک ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اس واقعے میں ہیلی کاپٹر پر سوار چار افراد میں سے تین لاپتہ بتائے جاتے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ عملہ کے ایک رکن کو بچا لیا گیا ہے۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کا جدید ترین ہلکا ہیلی کاپٹر اے ایل ایچ پیر کی رات تقریباً 11 بجے سمندر میں اتارا گیا تاکہ ہندوستانی پرچم والے موٹر ٹینکر ہری لیلا پر سوار عملے کے ایک شدید زخمی کو مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ کارروائی گجرات کے پوربندر ساحل سے تقریباً 45 کلومیٹر دور کی گئی۔ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ یہ کارروائی موٹر ٹینکر ہری لیلا کے مالک کی درخواست پر کی گئی۔کوسٹ گارڈ کے عملے میں چار افراد سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔کوسٹ گارڈ نے ریسکیو آپریشن میں چار بحری جہاز اور دو طیارے تعینات کیے ہیں۔
ہیلی کاپٹر کی سمندر میں ہنگامی لینڈنگ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ جب ہیلی کاپٹر موٹر ٹینکر تک پہنچنے والا تھا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر ہیلی کاپٹر کو سمندر میں اترنا پڑا۔ کوسٹ گارڈ نے حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن میں چار بحری جہاز اور دو طیارے تعینات کیے ہیں۔