شفق فاطمہ ویلفیر ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے اردو مسکن میں ایوارڈ تقریب کاانعقاد
حیدرآباد،5ستمبر(راست)
شفق فاطمہ ویلفیر ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام اردومسکن ،خلوت میں ایک ایوارڈ تقریب منعقدکی گئی جس میں پولیس ڈپارٹمنٹ سے وابستہ عہدیداران، اساتذہ، صحافیوں اورسماجی جہدکاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ پیش کیاگیا۔ اس کے علاوہ مختلف کورسیس مکمل کرنے والے طلبہ میں سرٹیفیکٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ ڈاکٹرسیدہ غزالہ انجم(جنرل سکریٹری سوسائٹی) نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہاکہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورسیس سیکھنے والے طلبہ کے کورس کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہیں ۔
ان کے فونس اور روزمرہ کی زندگی کے حالات کاجائزہ لیتے رہیں کیوں کہ وقت بہت ہی نازک چل رہا ہے۔ انہوں نے معاشرہ میں بڑھتی بے راہ روی پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ آج صحیح تربیت نہ ہونے کے سبب کئی لڑکیاں دین سے دورہوکرغیرمذہب میں شادیاں کررہی ہیں جوافسوس کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سوسائٹی کے تحت کئی عصری کورسیس چلائے جارہے ہیں اورکورس مکمل کرنے طلبہ میں آج سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے ہیں۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ممتاز علی اکرم (ڈائرکٹر ہائی ٹیک انٹرنیشنل کمپنی،سعودی) نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کی تقریب میں مختلف کورسیس مکمل کرنے والی لڑکیوں وخواتین کو سرٹیفیکٹس وایوارڈ دیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ یہاں کورس مکمل کرنے والوں کو کئی جگہ بہترین ملازمت حاصل ہورہی ہے۔ بیرون ممالک جاکربھی کئی لڑکیاں خدما ت انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کوخودمکتفی بننے کیلئے ٹکنیکل کورسیس سیکھنا چاہئے۔ ایس کے افضل الدین نے کہاکہ ڈاکٹرسیدہ غزالہ انجم طالبات وخواتین کو عصری تعلیم سے جوڑنے کیلئے کئی فلاحی کام کررہے ہیں جوقابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نرسنگ ،ٹیلرنگ، بیوٹیشن اوردیگرکورسیس سوسائٹی کی جانب سے چلائے جارہے ہیں جس کوہرلڑکی کوسیکھنا چاہئے۔ایم ڈی ایس گروپ کے ذمہ داران سید اصغرحسین (ایم ڈی ایس گروپ )، اے کے امین(جوائنٹ سکریٹری،ایم ڈی ایس گروپ)، برکت علی(خازن،ایم ڈی ایس گروپ) نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔
مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شارش اکرم، محمدفراز علی ،محمد واحد علی خان، امام تحسین ،ناصر حسین، عمودی، ناصر احمد ،ایس کے افضل الدین (کانگریس)، امتیازخان،سید یعقوب (صفا بیت المال)، سنیل شٹی ، رینوکی شٹی، حمیرہ احسان ،قمرالنساء ،اعجازریان ، انجمن احمدی، سیدہ عائشہ جبین، محمدشہاب الدین ،عبدالرشید ، کنیز فاطمہ، توفیق احمد قادری ،ظفر اللہ خان نے شرکت کی۔ تمام مہمان کوایوارڈ سے نوازاگیا اورانہیں تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے وابستہ شخصیات، طلبہ اورسرپرستوں کی کثیرتعدادموجودتھی۔