Skip to content
یو ٹیوب چینل کو بند کرنے کا معاملہ پہنچا سپریم کورٹ
نئی دہلی،۶؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا)
سپریم کورٹ نے جمعہ (6 ستمبر 2024) کو مدراس ہائی کورٹ کی ہدایت پر روک لگا دی، جس نے ضمانت کی شرائط کے تحت ایک یوٹیوبر کو اپنا چینل بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ فیلکس جیرالڈ کو اپنے یوٹیوب چینل پر ایک اور یوٹیوبر ساوکو شنکر کا قابل اعتراض انٹرویو نشر کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ساوکو شنکر نے انٹرویو کے دوران مدراس ہائی کورٹ کے ججوں اور ریاست کی خواتین پولیس افسران کے خلاف کچھ تبصرے کیے تھے۔دونوں یوٹیوبرز کو ضمانت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے فیلکس جیرالڈ کو شرط کے طور پر اپنا چینل بند کرنے کو کہا تھا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا اور چینل کو بند کرنے کی خصوصی ہدایت پر روک لگا دی۔
تاہم عدالت نے انہیں ضمانت کی دیگر شرائط پر عمل کرنے کو کہا۔ چیف جسٹس چندر چوڑ نے کہا، آپ عدلیہ اور تمام خواتین آئی پی ایس افسران کے خلاف توہین آمیز الزامات لگا رہے ہیں۔آپ ایسے انٹرویو کیوں کرتے ہیں؟ یوٹیوبر کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل گوپال شنکر نارائنن نے کہا کہ اس طرح کا انٹرویو نہیں دکھایا جانا چاہیے تھا۔ ایڈوکیٹ گوپال شنکرارائن نے یہ بھی کہا کہ چینل کے 24 لاکھ سبسکرائبرز ہیں اور اسے بند کرنے کی ہدایات سخت ہیں۔ بنچ نے کہا کہ وہ فیلکس جیرالڈ کی عرضی کو ساوکو شنکر کی زیر التوا عرضیوں کے ساتھ شامل نہیں کرے گا۔
اس سے قبل سوواکو شنکر نے ریاستی پولیس کے ذریعہ اپنی حراست کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ 30 اگست کو عدالت نے تمل ناڈو حکومت سے کہا تھا کہ وہ شنکر کو کئی مجرمانہ مقدمات کے سلسلے میں رہائی کے فوراً بعد حراست میں لیے جانے کی وجوہات کے بارے میں مطلع کرے۔ساوکو شنکر (48) کو کوئمبٹور پولیس نے 4 مئی کو جنوبی تھینی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مبینہ طور پر خواتین پولیس اہلکاروں کے بارے میں توہین آمیز بیان دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ نی پولیس نے یوٹیوبر کیخلاف گانجہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ ساوکو شنکر کو سپریم کورٹ اور مدراس ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد رہا کیا گیا تھا، لیکن ریاستی پولیس نے 12 اگست کو دوبارہ حراست میں لے لیا تھا۔
Like this:
Like Loading...