Skip to content
ہریانہ: کانگریس امیدواروں کی فہرست میں 2پہلوان، 3 مسلمان
نئی دہلی،7ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
طویل غور خوض اور دماغی جہد کاری کے بعد بالآخر کانگریس نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 32 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ ہریانہ میں تمام 28 موجودہ ایم ایل ایز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے انہیں دوبارہ میدان میں اتارا ہے۔ وہیں اولمپیئن پہلوان ونیش پھوگاٹ، جو جمعہ کو پارٹی میں شامل ہوئے، کو جولانہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔جے جے پی ایم ایل اے رام کرن کلا کو، جو حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں، کو شاہ آباد سے ٹکٹ دیا گیا ہے اور حکومت سے حمایت واپس لینے والے آزاد ایم ایل اے دھرم پال گوندر کو نیلوکھیری سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
ہریانہ کانگریس کے ریاستی صدر چودھری ادے بھان خود ہوڈل سے امیدوار ہوں گے۔ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کی رات دیر گئے اس فہرست کو جاری کیا۔بی جے پی میں بغاوت کو دیکھتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے ایک منظم طریقے سے مختصر فہرست جاری کی ہے، تاکہ پارٹی میں شروع میں کوئی دھڑے بندی اور مخالفت نہ ہو۔ اس لیے پہلی فہرست میں 28 ایم ایل ایز کو دوبارہ ان کے حلقوں سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ کسی بھی ایم ایل اے کی سیٹ تبدیل نہیں کی گئی ہے۔
پارٹی نے سونی پت کے ایم ایل اے سریندر پنوار کو بھی ٹکٹ دیا ہے، جنہیں ای ڈی نے کان کنی کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ وہ اب جیل میں ہے۔ پارٹی نے سمالکھا سے دھرم سنگھ چھاؤکر کو بھی ٹکٹ دیا ہے، جو منی لانڈرنگ کیس کے ملزم ہیں، مہندر گڑھ سے راؤ دان سنگھ اور نوح فسادات کے ملزم فیروز پور جھرکا کے ایم ایل اے ممن خان کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ بحث تھی کہ تنازعات میں گھرے اور داغدار ایم ایل اے کے ٹکٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔
ایم ایل اے ممن خان، محمد الیاس اور آفتاب احمد امیدواروں میں شامل ہیں۔ نارائن گڑھ سے شیلی چودھری، سدھورا سے رینو بالا، جولانہ سے ونیش پھوگاٹ، کلانور سے شکنتلا کھٹک اور جھجر سے گیتا بھوکل امیدوار ہیں۔ جولانہ سے ونیش پھوگٹ، نیلوکھیری سے دھرم پال گوندر اور شہباز سے رام کرن کلا۔ صرف ایک لیڈر چودھری ادے بھان کو ٹکٹ دیا گیا جو 2019 کے اسمبلی انتخابات میں ہار گئے تھے۔ چودھری ادے بھان اس وقت ہریانہ پردیش کانگریس کے صدر ہیں اور سابق وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا کے قریبی ہیں۔
ادے بھان کو 2019 میں بی جے پی کے جگدیش نیر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کانگریس نے چھ اضلاع میں ایک بھی سیٹ پر امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ان میں کیتھل، فتح آباد، حصار، بھیوانی، چرخی-دادری اور گروگرام شامل ہیں۔ کیتھل میں 4، فتح آباد میں 3، حصار میں 7، بھیوانی میں 4، چرخی دادری میں 2 اور گروگرام ضلع میں 4 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ کانگریس 2019 میں ان اضلاع میں ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکی۔
جھجر ضلع کی چاروں اور نوح ضلع کی تین نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔کانگریس امیدواروں نے 2019 کے اسمبلی انتخابات میں ان تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بھوپیندر سنگھ ہڈا کے آبائی ضلع روہتک کی میہم سیٹ اور سونی پت ضلع کی رائے اور گنور سیٹوں کے لیے ابھی تک امیدواروں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ کانگریس یہاں 2019 میں ہار گئی تھی۔
Like this:
Like Loading...