اسرائیل حماس جنگ میں ہندوستان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے: فلسطینی سفیر
نئی دہلی،۸؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائی سے فلسطینیوں کو بہت زیادہ جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اب ہندوستان میں فلسطین کے سفیر عدنان ابو الحیجہ نے اسرائیل حماس جنگ میں ثالثی کے حوالے سے بڑا بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بھارت سے ثالثی کی توقع رکھتے ہیں۔ہفتے کو ہندوستان میں فلسطین کے سفیر عدنان ابو الحیجہ نے کہا کہ وہ ہندوستان جیسے دوست کی جانب سے ثالث کا کردار ادا کرنے کی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ہندوستان ایک پرامن ملک ہے، اس لیے ہم اسے یہ کردار ادا کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں،وہ دونوں (ممالک) کا دوست ہے۔امریکہ اور برطانیہ کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز اور برطانیہ کے ایم آئی 6 کے سربراہ رچرڈ مور نے کہا کہ ان کی ایجنسیوں نے ہماری انٹیلی جنس کو تحمل سے کام لینے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔معلومات کے مطابق، فنانشل ٹائمز کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں، دونوں انٹیلی جنس سربراہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ میں جنگ بندی سے فلسطینی شہریوں کے مصائب اور جانوں کے ہولناک نقصان کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔